عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حکومت دریائے جہلم اورڈل جھیل میں بیٹری سے چلنے والی کشتیاں متعارف کرائے گی۔ حکومت نے پہلے ہی شالیمار باغ تکڈل جھیل کو قابل رسائی بنا دیا ہے تاکہ مسافر شالیمار پہنچنے کے لیے پانی کا راستہ استعمال کر سکیں۔حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر حکومت ڈل جھیل اور جہلم میں بیٹری سے چلنے والی کشتیاں متعارف کرانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ایک اہلکار کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشتیوں کے نمونوں کی منظوری کا عمل اپنے آخری مرحلے میں ہے اور8اور 20 نشستوں والی2 قسم کی کشتیاں آبی ذخائر میں سیر کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ32 کشتیاں جھیل ڈل اور دریا ئے جہلم میں چلائی جائیں گی۔
حکا م نے بتایاکہ پرانے شہر کو بھی عبور کریں گی، جو اپنے تعمیر شدہ ورثے اور دریا کے کنارے پر واقع مزارات سے مالا مال ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری منصوبے سے پتہ چلتا ہے کہ کشتیاں جھیل کے پانچ بیسن یعنی نہرو پارک بیسن، نشاط باغ بیسن، حضرت بل بیسن، نگین بیسن، اور باراری نمبل بیسن کو ڈھانپنے کے لیے روایتی کاز ویز کا استعمال کریں گی۔حکام نے مزید کہا کہ 1960 کی دہائی کے بعد پہلی بار ڈل جھیل کے بیک واٹر کوخاص طور پر ڈلگیٹ،رائنواڑی،حضرت بل آبی گزرگاہ زائرین کے لیے کھول دیا جائے گاقابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈل جھیل پر پبلک ٹرانسپورٹ 980 کروڑ روپے کے سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے، جس نے پہلے ہی جہلم ریور فرنٹ پر پیدل چلنے والے بازاروں اور واک ویز کو زمین کی تزئین میں شامل کیا ہے۔