جموں //یوگیش سگوترہ//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پارلیمانی حلقہ انتخاب سرینگر کیلئے ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے 21خصوصی پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں جن پر 2364کشمیری مائیگرنٹ حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، اس حلقہ کیلئے آج یعنی اتوار کو ووٹنگ ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں میں 19پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن پر اس حلقہ کے 2192ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے جب کہ ادہم پور اور دہلی میں قائم کئے گئے ایک ایک پولنگ مرکز پر ووٹروں کی تعداد بالترتیب 60اور 86ہوگی۔ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مائیگرنٹس جعفر بانڈے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ اس حلقہ سے 33000مائیگرنٹ رائے دہندگان ان مقامات پر رہائش پذیر ہیں لیکن صرف 2364ووٹروں نے ہی ایم فارم حاصل کیا ہے جو کہ ووٹ ڈالنے کے لئے لازم ہے ۔ادہم پور میں میونسپل کمیٹی دفتر جب کہ جموں میں وومن کالج گاندھی نگر، انجینئرنگ کالج، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، ڈائریکٹر اکنامکس، مائیگرنٹ اسکول پرکھو، ایگریکلچر کمپلیکس تالاب تلو، مائیگرنٹ اسکول نگروٹہ، ہائر سکینڈری مائیگرنٹ اسکول جگتی اے، جگتی بی، پنچایت گھر برنائی، اگریکلچر یونیورسٹی کمپلیکس اودھے والا، بورڈسکول ایجوکیشن ریہاڑی، مڈل اسکول جگتی، گرلز مڈل اسکول چک چندرواں، چنور چوک، گرلز پرائمری اسکول گنگیال، بوائز ہائر سکینڈر پونی چوک اور ہائر سکینڈری اسکول چھنی ہمت میں پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔