دستکاروں کو باختیار بنائیں:لیفٹیننٹ گورنر
سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مقامی مصنوعات خریدیں اور ہمارے عظیم دستکاروں کو بااختیار بنائیں ‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر سرینگر میں ’’ پشمینہ انٹر پرنیور ز میکرز اینڈ آرٹیزنز فاؤنڈیشن ‘‘ کے زیر اہتمام پشمینہ آرٹیزن ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر گھرانے کو یو ٹی کے ماہر دستکاروں کی بنائی ہوئی تخلیقی مصنوعات خریدنی چاہئیں ۔ایل جی نے کہا ’’ مجھے یقین ہے کہ ملک کی بڑھتے ہوئے متوسط طبقہ ، جو 2030 تک آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ بن سکتا ہے ، جموں و کشمیر کے ہاتھ سے بنے مصنوعات کیلئے ایک مضبوط گھریلو مارکیٹ بنائے گا ‘‘۔ ہُنر مندوں کی مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بھر پور تخلیقی روایت کا ذخیرہ ہے ، جو اس کی منفرد اور اختراعی ہاتھ سے بنے مصنوعات میں ظاہر ہوتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ 2020 سے مختلف اقدامات نے نمایاں نتائج دئیے ہیں ، جن سے یو ٹی کے دستکاری کے برآمدات کو فروغ ملا اور اسے عالمی دستکاری مارکیٹ میں ایک منفرد کھلاڑی کے طور پر پیش کیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ آئیے ہم ہنر مند ہاتھوں سے بنائی گئی مصنوعات کی عزت اور قدر کریں ۔ یہ ہاتھ صرف ایک مصنوعات نہیں بناتے ، بلکہ ہر دھاگے ، ہر پیچیدہ ڈیزائن اور لطیف رنگوں کے ذریعے جادو بُنتے ہیں ۔‘‘ لفٹینٹ گورنر نے دستکاری اور ہتھ کرگھا سیکٹر کو مضبوط بنانے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں نئی اسکیموں اور پالیسی مداخلتوں کے ساتھ ساتھ مضبوط انفراسٹرکچر کی ترقی نے نوجوان اور ماہر ہنر مندوں کو جامع تعاون فراہم کیا اور یو ٹی کے منفرد ثقافتی اور فنکارانہ ورثے کو بحال کیا ۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ نئی جی ایس ٹی اصلاحات سے کاریگروں کا براہ راست فائدہ یقینی بنائیں ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے خوبصورت فن کو بڑے ہوائی اڈوں ، شاپنگ مالز اور ای کامرس سائٹس پر ہندوستان اور بیرون ملک زیادہ نمایاں کرنے پر زور دیا اور پروڈکٹ کے پیچھے ہنر مند ہاتھوں کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ، سابق چیئر پرسن کے وی آئی بی ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈ لوم کشمیر ، پشمینہ انٹر پرنیورز میکرز اینڈ آرٹیزنز ( پی ای ایم اے )کے عہدیداران ، سینئر افسران ، کاروباری اور تجارتی انجمنوں کے اراکین ، کاریگر اور دستکار اس تقریب میں شریک ہوئے ۔