سرینگر // وادی میں کمان سنبھالنے کے صرف 5روز بعد ہی سردیوں کے بادشاہ’چلہ کلان‘نے اپنے تیور دکھانے شروع کر دیئے ہیں کیونکہ شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی کے بیچ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سرینگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی کم سے کم درجہ حرارت میں بھی متواتر گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں منفی4.2ڈگری کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سری نگر میں پیر کی صبح شدید دھند چھائی رہی جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔ دھند کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر رہی ۔تاہم سرینگر کے مقابلے میں اس کے مضافاتی علاقوں اور اضلاع کی صورتحال بالکل مختلف نظر آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، جس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ آسکتی ہے۔ خطہ لداخ کا لیہہ بدستور ریاست کی سرد ترین جگہ بنی ہوئی ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کی صبح پینے کے پانی کے نل منجمند پائے گئے۔ کچھ ایک آبی ذخائر کو بھی جزوی طور پر منجمند پایا گیا۔ تاہم سری نگر سمیت وادی کے تمام علاقوں میں دوپہر ایک بجے سے اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی.5 5ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی.5 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔