سرینگر //وادی میں کرکٹ کھیل کو فروغ دینے کی حوالے سے منعقدہ تقریب پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر سید حنیف بلخ نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مہذب معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں ،جبکہ انکا ماننا ہے کہ ایک اچھا معاشرہ ایک مہذب قوم تشکیل دے سکتا ہے۔برزہامہ پریمیر لیگ (بی پی ایل) چیمپین شپ کی مینجمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر سید حنیف نے کہا کہ رواں سال مئی سے شروع ہونے والی چیمپین شپ کے آئندہ چوتھے سیزن کیلئے کرکٹ کھلاڑیوں کی بولی لگانے کا سلسلہ مئی میں شروع کیا جائیگا تاہم انہوں نے کھیلوں کی اہمیت اور افادیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے ہمیں قائدانہ صلاحیتوں کے معیار کا درس ملتا ہے۔ انہوںنے کھلاڑیوں کو آپس میں اتحاد و یکجہتی کے آداب کو اپنی طرف راغب کرنے کو کہا۔ اے ڈی سی نے شرکاء کو اچھے اخلاق سیکھنے اور بزرگوں خاص کر والدین کا احترام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اچھے معاشرے کی تشکیل میں یہ بہت کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے سے ہی ضلع سرینگر میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مظبوط بنانے کے ذریعہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ انہوں نے سرینگر ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے منتظمین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ کے این ایس کے مطابق کہ برزہامہ پریمیر لیگ (بی پی ایل) نے اس سے قبل سیزن 4 کیلئے کھلاڑیوں کی بولی لگائی تھی جس میں لگ بھگ 1020 کھلاڑیوں نے آن لائن اور آف لائن نیلامی کے ذریعے حصہ لیا جس میں ملحقہ ریاستوں یعنی راجستھان ، پنجاب اور ہریانہ کے کھلاڑی شامل تھے۔اس دوران چیئرمین بی پی ایل مظفر ڈار نے بتایا کہ امکان ہے کہ چیمپئن شپ رواں سال مئی سے شروع ہوگی اور ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔