سرینگر//ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ منیر الاسلام نے کل پولو ویو سرینگر میں 9 ایچ بی عمارت کو پریس کلب کشمیر کے عہدہ داراں کو رسمی طور سپر د کیا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ہدایات کے مطابق عمارت کا مکتوب تحویل پریس کلب کشمیر کے صدر محمد سلیم پنڈت کو پیش کی گئی تاکہ ایوان صحافت سرینگر اپنا کام کاج شروع کرسکے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پریس کلب کشمیرکے صدر اور ناظم اطلاعات نے کل صبح وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تھی تاکہ پریس کلب کشمیر کی عمارت کی منتقلی کے سلسلے میں طریقہ کار حتمی شکل دی جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر اُمید ظاہر کی کہ ایوانِ صحافت سرینگر میں اپنی نوعیت کا نہ صرف پہلا مرکز قائم ہوگا بلکہ یہ عمارت دانشورانہ بحث و تمحیص کے لئے بھی استعمال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے صحافیوں کی بہبود ی کے لئے پچھلے تین برسوں کے دوران کئی اہم اقدامات کئے ہیں اور کئی اور اقدامات کرنے جارہی ہے۔