عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعظم مودی نے ’سری نگرمیں فارمولہ4کارشوکے انعقاد پرخوشی ‘ظاہر کرتے ہوئے پیرکو کہاکہ ایسے اقدامات سے جموں و کشمیر کی خوبصورتی کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔مودی نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس ‘پرایک پوسٹ میں سری نگر کو ہندوستان میں موٹر اسپورٹس کیلئے سرفہرست مقام قرار دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان موٹر اسپورٹس کو پھلنے پھولنے کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے اور سری نگر ان جگہوں میں سب سے اوپر ہے جہاں یہ ہو سکتا ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (پہلے ٹویٹر) پر جاتے ہوے وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ اس سے جموں و کشمیر کی خوبصورتی کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔قابل ذکر ہے کہ اتوار کو یہاں پہلی مرتبہ فارمولہ4کارشوانعقاد کیاگیا،اور بڑی تعدادمیں لوگ بالخصوص نوجوانوں نے جھیل ڈل کے کنارے سے گزرنے والے بلیو وارڈ روڈ سری نگر پر منعقدہ اس کارشوکا مشاہدہ کیا ،جس دوران ڈرائیوروںنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کوکافی محظوظ کیا۔