محمد تسکین+غلام نبی رینہ
بانہال+کنگن// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کو 5ویں روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی تاہم مغل روڈ کھلا رہا۔لداخ شاہراہ پر زوجیلا کے نزدیک پسیاں گر آنے سے بند کردی گئی۔
شاہراہ
سرینگر جموں قومی شاہراہ مجموعی طور پر پچھلے 12 روز سے بند ہے ۔ بارشوں سے تھرڈ کے مقام پر شاہراہ کا ایک بڑا حصہ بھاری ملبے اور پتھروں کی زد میں آنے سے مکمل طور تباہ ہوا ہے اور وہاں بحالی کے کام کیلئے ایک درجن مشینیں کام پر لگی ہوئی ہیں ۔ شاہراہ کی جلد بحالی کے حوالے سے پچھلے کئی روز سے کوششیں کی جارہی ہیں لیکن شاہراہ کی عارضی بحالی ہفتے کی شام تک بھی ممکن نہیں ہوسکی تھی اور شاہراہ کی عارضی بحالی میں ابھی مزید ایک دو دن کا وقت لگ سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھرڈ ادہمپور میں شاہراہ کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور ادہمپور سیکٹر میں ہفتے کی صبح اور دوپہر بعد ہوئی تازہ سلسلے نے شاہراہ کی بحالی کو مزید دشوار بنایا ۔تاہم مغل روڑ پر بلا تعطل ٹریفک کی آمد و رفت جاری ہے۔ ادھرموسلادھار بارشوں کی وجہ سے زوجیلاکے مندر موڈ اور چند مقامات پر پسیاں گرآنے کے نتیجے میں سرینگر لداخ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو بند کردیا گیا ۔ ٹریفک پولیس کے مطابق زوجیلا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے زوجیلا کے مندر موڈ اور مزید چند مقامات پر پسیاں گرآئیں جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ۔لداخ شاہراہ ہفتے کی صبح کھلی ہوئی تھی۔
ایس پی او کی ہلاکت
رام بن کے رامسو علاقے میں ہفتے کی صبح ایک سپیشل پولیس آفیسر( ایس پی او)ڈیوٹی کے دوران نالہ میں گر کر جاں بحق ہوگیا ۔ رامسو پولیس نے بتایا کہ یہ واقع رامسو کے لڑو علاقے میں ہفتے کی صبح اسوقت پیش آیا جب ایس پی او سنیتر سنگھ عمر 47 سال ولد میر چند ساکن لڑو رامسو علاقے میں قائم پولیس پوسٹ پرتعینات تھا اور باتھ روم جانے کے دوران پتھر لگنے کے بعد اہلکار نیچے نیل رامسو نالے میں گر گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ رامسو کے لڑو علاقے میں اقلیتی فرقے کیلئے ایک پولیس پوسٹ ہے اور یہ مقامی اہلکار وہاں تعینات تھا۔
موسم
جموں و کشمیر میں 12 ستمبر تک موسم میں کسی خاص تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 9 ستمبر کے بعد اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام شروع کریں۔متعلقہ محکمے نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 7 اور 8 ستمبر کو کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ جموں صوبے کے کچھ اضلاع میں صبح اور شام کے وقت درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔ 9 سے 12 ستمبر تک کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کے مرحلے متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کہیں کہیں لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔