سرینگر //وادی کے میدانی علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی رات موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ منگل کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں برف باری اور بارشوں کا سلسلہ 16 دسمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔اس دوران نوگام کپوارہ اور گریز سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر برفانی تودے گرنے کی زد میں فوج کی 2چوکیاں آگئیں جن کے باعث 5فوجی اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں۔دریں اثناء جموں سرینگر شاہراہ سمیت مغل روڑ ، بانڈی پورہ گریز،کرناہ کپوارہ ، کیرن کپوارہ اور مژھل کپوارہ سڑکیں دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہیں جبکہ ہوائی سروس میں خلل پڑا۔
وسطی کشمیر
وادی میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ۔ کل صبح تک شہر میں 1سے ڈیڑھ انچ برف جمع ہو گئی تھی۔ادھرارشاد احمد کے مطابق گاندربل کے میدانی علاقوں میں 1نچ، کنگن میں 3 ، گنڈ میں 7انچ ،گگن گیر میں 1فٹ اور سونہ مرگ میں ڈیڑھ فٹ سے زیادہ برف ریکارڈ کی گئی ۔کنگن سے گگن گیر تک ضلع انتظامیہ نے برف ہٹا کر راستہ آمد ورفت کے قابل بنا دیا تاہم بجلی سوموار کی شام سے غائب ہے ۔بڈگام سے کشمیر عظمیٰ کے نمائندے نے اطلا ع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں 2انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 4سے 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع کے تمام بالائی علاقوں میں بجلی سپلائی بھی کل شام سے متاثر ہے ۔
جنوبی کشمیر
ملک عبدالسلام نے اطلاع دی ہے کہ پہلگام میں 1فٹ ، چندن واڑی میں ڈیڑھ فٹ ، بیتاب ویلی میں 1فٹ ،آڑو میں 2فٹ ، پسو ٹاپ 3فٹ ، سنتھن ٹاب اڑھائی فٹ ، وائلو میں 6انچ ،لارنو 5انچ ، اچھ بل 3انچ ، ایچ ڈی پورہ 8انچ اور قاضی گنڈ میں 4انچ برف منگل کی صبح تک جمع تھی۔قاضی گنڈ سے عارف بلوچ کے مطابق ڈورو،قاضی گنڈ،کوکرناگ اور ویری ناگ میں4انچ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ جواہر ٹنل پر قریباََ8انچ برف ریکار ڈ کی گئی ۔برف باری کے سبب سڑکیں زیر آب آگئی ہے جبکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کولگام سے خالد جاوید نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں صبح تک 5 انچ برف جمع ہو گئی تھی جبکہ بالائی علاقوں دمہال ہانجی پورہ میں 1 فٹ ،ڈینو کنڈی مرگ میں ڈیڑھ فٹ ، اہر بل میں ڈیڑھ فٹ برف منگل کی صبح تک جمع ہو گئی تھی ۔بھاری برف باری کے بعد ضلع کے بالائی علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہے اور کئی جگہوں پر بجلی کے کھمبے بھی اکھڑ گئے ہیں ۔پلوامہ سے شوکت ڈار نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں منگل کی صبح تک 3انچ برف جمع ہو گئی تھی جبکہ سنگر ونی میں 6انچ ، کیلر پلوامہ میں 6انچ ، ترال میں 1سے2انچ برف جمع ہو گئی تھی تاہم 10بجے کے بعد موسم صاف ہونے کی صورت میں لوگ گھروں سے باہر آئے اور معمول کے مطابق اپنا کام کاج کرنے لگے ۔شوپیاں کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بھی بھاری برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔شوپیاں سے نمائندے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہونے کے سبب معمول کی زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔برف باری کے سبب سرینگر مغل روڑ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوسرے روز بھی بند رہی ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں 1فٹ ، ہیر پورہ شوپیاں میں 1فٹ ،دبجن اور پیر کی گلی پر 2سے 3فٹ برف جمع ہو گئی تھی ۔
شمالی کشمیر
بانڈی پورہ سے نمائندے عازم جان کے مطابق بگتور گریز میں ایک برفانی تودا فوج کی ایک پکٹ پر آگرا جس کی زد میں آکر 3اہلکار زندہ دب گئے۔منگل کی شام تک انکا کوئی اتہ پتہ نہیں چلا سکا تھا۔ادھر ضلع کے میدانی علاقوں میں 3انچ اور بالائی علاقوں میں 6انچ برف صبح تک جمع تھی جبکہ رازدان ٹاپ پر 2فٹ برف جمع کرنے کے نتیجے میں بانڈی پورہ گریز شاہراہ دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ نوگام کپوارہ میں لائن آف کنٹرول پر 20ڈوگرہ رجمنٹ کی ایک پکٹ برفانی تودے کی زد میں آگئی اور اس میں 2اہلکار زندہ دفن ہوئے۔ انکا کوئی اپتہ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ادھرکپوارہ کے میدانی علاقوں میں2سے 3انچ اور بالائی علاقوں جن میں چوکی بل ، ہفرڈہ ، کاچہامہ ،تمنا ، کھرہامہ، راجواڑ میں 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔کرناہ کپوارہ شاہراہ پر نستہ چھن گلی کے مقام پر 2فٹ پھرکیاں ٹاپ پر ڈیڑھ فٹ ، زیڈ گلی میں اڑھائی فٹ کے قریب برف ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں یہ علاقے 2روز سے صدر ضلع مقامات سے کٹے ہوئے ہیں ۔برف باری کے نتیجے میں کرالپورہ ، رامہال ، ماور ، لولاب ، زرہامہ ،ہڑی ملیال میں بجلی سپلائی متاثر ہے ۔بارہمولہ سے نمائندے فیاض بخاری نے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ میں ڈیڑھ فٹ ،افروٹ میں 3فٹ ،بارہمولہ کے حاجی بل میں 1فٹ ٹن،گمرگ ،بارہمولہ ، رفیع آباد اور سوپور کے میدانی علاقوںمیں 5انچ برف صبح تک جمع تھی تاہم دن میں موسم صاف رہا ۔ اوڑی کے بالائی علاقوں میں 6انچ برف جمع ہے ۔ ضلع کے کنڈی علاقوں لیریڈورہ ، پالہ دجی ، ڈانگر پورہ کے علاوہ رفیع آباد کے برن ڈب ، شال کوٹ ، چاٹوسہ وغیر میں بجلی سپلائی متاثر ہے ۔
بانہال
بانہال سے محمد تسکین کے مطابق شدید بارشوں ،برفباری اور پسیوں کے گر انے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت منگل کے روز مکمل طورٹھپ رہی اور کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کے متعدد مقامات پر پسیاں گر آئی ہیں اور ٹنل کے آر پار ایک سے ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔رام بن کے ماروگ اور پنتھیال ،ادہمپور کے کھیری ، سیری اور ڈگڈول میں شاہراہ پتھروں اور پسیوں کے گرنے کی وجہ سے بند ہے۔ایس پی ٹریفک سنجے بھگت نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جواہر ٹنل کے آر پار برفباری اور رام بن بانہال سیکٹر میں متعدد مقامات پر گر آنے والی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدوفت کو بحال کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جانے والی ایک سو کے قریب مسافر بردار گاڑیوں اور سینکڑوں ٹرکوں کو ادہمپور ، چندرکوٹ، رام بن ، بانہال اور قاضی گنڈ کے مقام پر روک دیا گیا ہے۔
ریل
ریل کے ذریعے کشمیر سے بانہال پہنچے درجنوں مسافر بانہال میں شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ کئی لوگوں نے متاثرہ سیکٹر کوپیدل چل کر اپنی منزلوں کا سفر کیا۔
ہوائی سروس
سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صبح کے وقت اگرچہ ہوائی سروس کچھ گھنٹوں کیلئے متاثر رہی تاہم 12بجے کے بعد تمام پروازوں کو معمول کے مطابق چلایا گیا ۔ایس پی ائرپورٹ منظور احمد دلال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح پہلے اگرچہ ہوائی ٹریفک میں خلل پڑا تاہم بعد میں تمام پروازوں نے اڑان بھری اور اس طرح کوئی بھی پرواز متاثر نہیں ہوئی ۔