عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے سری نگر کے ایک تاجر کو سونے کی تجارت کے ایک گھوٹالے سے متعلق 4.24 کروڑ روپیوں کے دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کرائم برانچ کشمیر نے مدثر احمد وانی ولد غلام احمد وانی ساکن بادام واری حول، سری نگر کو ایف آئی آر نمبر 22/2024 کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے، جو بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 318 (4) کے تحت پولیس اسٹیشن کرن نگر میں درج کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس بعد میں تحقیقات کے لئے کرائم برانچ کو منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے یہ معاملہ پولیس اسٹیشن کرن نگر میں موصول ایک تحریری شکایت سے شروع ہوا، جس میں شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ اپنی فرم ایم / ایس بلین والٹ کے ذریعے سونے کی اشیاء کی خرید و فروخت کا کاروباد کر رہا ہے اور الزام لگایا کہ ملزم جو سالار شاپنگ کمپلیکس، سرائے پائین، نزدیک مگرمل باغ کراسنگ، سری نگر سے ایم/ ایس گولڈ ہب اور ایم/ایس دی گولڈ ہب کے ناموں سے گولڈ آؤٹ لیٹس چلا رہا تھا، نے اپنے ساتھی عمر خان کے ساتھ مل کر سونے کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ پیشگی ادائیگیاں وصول کرنے کے بعد اس سے دھوکہ دہی کی، وہ سامان کی فراہمی میں ناکام رہے، ملزمان نے نہ تو سونا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران، دستاویزی ثبوتوں سے شکایت کنندہ کے الزامات کی تصدیق ہوئی اور ثابت کیا کہ ملزم کے ذریعہ 4.24 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نتیجتاً، کرائم برانچ کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ نے ملزم مدثر احمد وانی کو گرفتار کر لیا۔ان کا کہنا ہے کہ مزید حقائق سے پردہ اٹھانے اور جرم میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
سری نگر کا تاجر 4.24 کروڑ روپے کے سونے کی تجارت کے فراڈ میں گرفتار: سی بی کے