سونمرگ//شدید برف باری کی وجہ سے تقریباً تین ماہ تک بند رہنے کے بعد سٹریٹجک اہمیت کی حامل سری نگر-لیہہ شاہراہ جمعہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
ایک اہلکار نے سڑک کو دوبارہ کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی صرف چھوٹی گاڑیوں کو آمد ورفت کی اجازت ہوگی۔
گاڑیوں کے پہلے قافلے کو سونمرگ سے کرگل کی طرف ڈی سی گاندربل، کریتکا جیوتسنا، ایس پی گاندربل نکھل بورکر، ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری، ڈی ایس پی ٹریفک گاندربل، معراج الدین رینا، اے آر ٹی او گاندربل بشارت محمود، تحصیلدار جاوید اقبال اور دیگر نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
واضح رہے کہ شاہراہ کو ہفتہ کو ریکارڈ 73 دنوں میں بحال کیا گیا تھا۔ سری نگر سے لیہہ تک یک طرفہ ٹریفک طاق دنوں میں جبکہ لیہہ سے سری نگر تک ٹریفک جفت دنوں میں چلائی جائے گی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ سونمرگ سے دراس تک لداخ اور کرگل علاقوں کے لیے ضروری سامان لے جانے والی بڑی گاڑیوں کی نقل و حرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔