فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ ضلع میں پیر کو ایک فوجی جوان نے مبینہ طور پر اپنے سروس ہتھیار سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ حکام نے بتایاکہ ایس سریندر نے بارہمولہ قصبے میں ایک فوجی کیمپ میں ڈیوٹی کے دوران خود کو گولی مار لی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گولی لگنے سے اس کی موت ہو گئی۔گزشتہ دو دنوں میں اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اتوار کی رات شہر کے راج باغ علاقے میں ایک پولیس کانسٹیبل نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار لی۔ادھرپیر کی صبح سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر مشتبہ بیگ کی اطلاع ملنے کے بعد ٹریفک معطل کر دی گئی اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے، ” بارہمولہ شاہراہ پر زنگام پٹن میں فلائی آور پر ایک مشتبہ شئے کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 29آرآر ، سی آ ر پی ایف اور پولیس نے سری نگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل روک کر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو جائے وقوع پر طلب کیا۔بم ڈسپوزل اسکارڈ نے بعد ازاں مشتبہ بارودی مواد کو ناکارہ بناکر ایک بہت بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹال دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔