نئی دلی //اس سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کرے گا۔ کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا کے صدر سورو گنگولی نے جمعرات کو اپیکس کونسل کی میٹنگ کے بعد یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سری لنکا سے یو اے ای منتقل کر دیا گیا ہے۔ گنگولی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات واحد ملک ہے جہاں اس وقت بارش نہیں ہو رہی ہے۔ اس سے قبل بدھ کو سری لنکا کرکٹ نے ایشیا کپ 2022 T20 کرکٹ کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔ سری لنکا کرکٹ نے بدھ کو یہ معلومات ایشیا کرکٹ کونسل کو دی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اور سیاسی وجوہات کی بنا پر وہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی میزبانی کرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔ معاشی بحران کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کا تیسرا ایڈیشن بھی ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اے سی سی ذرائع کے مطابق سری لنکا نے کہا ہے کہ یہاں صورتحال بہت خراب ہے۔ چھ ٹیموں کے اتنے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کی پوزیشن میں وہ نہیں ہے۔ ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر کے درمیان کھیلا جانا ہے اور یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ 1984 میں شروع ہوا یہ ٹورنامنٹ 2014 تک 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ پھر 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کی وجہ سے اسے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔ پھر مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم چیمپئن بنی۔ 2018 میں ایک بار پھر یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا گیا اور روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیا چیمپئن بنی۔ اب اس سال T20 ورلڈ کپ کی وجہ سے ایک بار پھر یہ ٹورنامنٹ T20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔