لاہور/ سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں۔ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 5 ون ڈے میچز میں مقابل ہونگی، پہلا میچ 13 اکتوبرکو دبئی میں کھیلا جائیگا، سیریز کیلیے اسکواڈ کے اعلان سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کا عذر لیے دبئی پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ میں تبدیلی کا امکان نہیں، البتہ ابوظبی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے حسن علی کی شرکت مشکوک ہو سکتی ہے، یواے ای کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے محمد نواز کو 16ویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیے جانے کا امکان روشن ہوگیا۔یاد رہے کہ چیمپئنزٹرافی کے اسکواڈ میں اظہر ، فخر زمان، حفیظ،احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، حارث سہیل، محمد عامر،حسن علی، فہیم اشرف، رومان رئیس، شاداب خان، جنید خان اور عماد وسیم شامل تھے۔ وہاب ریاض پہلے ہی میچ میں بھارت کے ہاتھوں پٹائی برداشت کرنے کے بعد انجرڈ ہوکر پاکستان واپس آگئے تھے، پیسر کو ورلڈ الیون کیخلاف ٹوئنٹی سیریز میں بھی نظر انداز کردیا گیا تھا، البتہ وہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ میچز کیلیے اسکواڈ میں شامل ہیں،حسن علی کی فٹنس پر شکوک ہوئے تو ورلڈ الیون کیخلاف سیریز کیلیے منتخب ہونے والے عامر یامین، عثمان شنواری اور سہیل خان میں سے کسی ایک کو زیر غور لایا جا سکتا ہے۔سری لنکا سے سیریز کیلئے اسکواڈ کے زیادہ تر پلیئرز پہلے ہی منتخب ہونے کودیکھتے ہوئے چیف سلیکٹر کی دبئی یاترا پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔