کولگام // ضلع کولگام میں حالیہ ایام کے دوران پولیس اور سیاسی ورکروں پر حملوں کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جمعہ کے روزجنوبی ضلع کا دورہ کیا ۔ میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ نے ضلع کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔سیکورٹی جائزہ اجلاس میںآئی جی پی کشمیر کے علاوہ بریگیڈیئر سیکٹرایک آر آر وجے مہادون ، بریگیڈیئر سیکٹر 2 آر آر اے ایس پنڈھر ، ڈی آئی جی ایس کے آر عبدالجبار ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف اننت ناگ ، ایس ایس پی کولگام ، آرمی ، سی آر پی ایف اور دیگر پولیس افسروںنے شرکت کی۔ میٹنگ میں دلباغ سنگھ نے جنگجوئوں کیخلاف آپریشن، محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کریں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ تمام مشکوک عناصر جو دہشت گردانہ سرگرمیوں کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم کر رہے ہیں، ان کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے انکی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امن مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔میٹنگ کے دوران ڈی جی پی نے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جموں وکشمیر پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت کو دہرایا۔پولیس چیف نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کے سیکورٹی منصوبہ بندی پر نظرثانی کریں، زیادہ چوکس رہیں کیونکہ دہشت گرد تنظیمیں مسلسل پریشانی اور امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔دلباغ سنگھ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت افسران اور اہلکاروں کو مستقل بنیادوں پر بریف کریں ، خاص طور پر اہم تنصیبات اور اہم افراد کی حفاظت کرنے والی فورسز کو آگاہ کیا کریں۔