محمد تسکین
بانہال // ضلع کشتواڑ کی تحصیل اور سب ڈویژنل ہیڈکوارٹر مڑواہ اور تحصیل واڑون کو جوڑنے والی واحد سڑک مرواہ کے سرکنڈ نالہ میں آئے سیلاب کی وجہ سے پچھلے چار روز سے بند ہے اور سرکنڈ نالہ کے دونوں طرف سینکڑوں مسافر اور مال گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ جمعہ کی دوپہر بعد مرگن ٹاپ کے دونوں طرف جم کر بارشیں ہوئی ہیں اور سڑک مزید کئی مقامات پر بند ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سیلابی ریلے کی وجہ سے بار بار بند ہونے والے سرکنڈ نالہ کے مقام سڑک بھاری پتھروں اور ملبے کے نیچے مکمل طور سے دب کر بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے تحصیل واڑون کا سب ڈویژن مڑواہ اور مڑواہ اور اننت ناگ کا سڑک رابطہ چار روز سے مسلسل منقطع ہے اور ہزاروں کی آبادی مشکلات میں آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے ایک جے سی بی مشین کو کام پر لگایا گیا ہے لیکن اوپر پہاڑوں پر آسمان بجلیاں گرنے کی وجہ سے سرکنڈ نالہ میں آئے سیلابی ریلوں سے آئے بھاری پتھروں اور ملبہ کے آگے یہ جے سی بی مشین ناکافی ہے اور یہاں مزید چند بڑی مشینوں سے ہی سڑک کی بحالی جلد ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکنڈہ کے مقام پل کی تعمیر کے سوا کوئی دوسرا چارہ نہیں ہے کیونکہ یہاں نالہ میں آئے روز سڑک بند ہو جاتی ہے اور مرواہ اور واڑون کا رابطہ کئی کئی روز تک منقطع ہوجاتا ہے۔ انہوں نے حکام سے فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔