یواین آئی
نئی دہلی+ رائے پور// چھتیس گڑھ میں اب تک 33 بڑے انکائونٹرس میں سرکردہ ماؤنواز لیڈروں سمیت 445 ماؤنوازوںکو ہلاک کردیا گیا، جب کہ 1,554 ماؤنوازوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 1,588 ماؤنوازوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ریاست کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ چھتیس گڑھ کی مجموعی ترقی، نکسل ازم کے مسئلہ سے نمٹنے کی حکمت عملی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ سائی نے مرکزی وزیر داخلہ کو ماؤنواز مخالف کارروائیوں کی کامیابیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں ماؤنواز سرگرمیوں کے خلاف انجام دی جانے والی کارروائیوں میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی ’انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ اینڈ سیکورٹی‘ پالیسی کے تحت ماؤنواز اثر و رسوخ کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ امت شاہ نے چھتیس گڑھ حکومت کی طرف سے نکسل ازم کے خاتمے کے لیے کی جا رہی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے نکسل ازم کے خاتمے کے لیے ریاستی حکومت کی کوششوں کو تاریخی قرار دیا اور مرکزی حکومت کی طر ف سے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے خیر سگالی ملاقات کی اور ریاست کی ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں اور مستقبل کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ سائی نے ایکس پر ٹویٹ کر کے بتایا،’’آج پارلیمنٹ ہاؤس میں مودی جی سے ملاقات کی اور ریاست کے 25ویں یوم تاسیس کے موقع پر یکم نومبر کو رائے پور میں منعقد ہونے والے ‘امرت رجت مہوتسو میں چھتیس گڑھ کے تین کروڑ عوام کی طرف سے انہیں مدعو کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی موجودگی اس تاریخی پروگرام کو اعلیٰ ترین وقار عطا کرے گی۔‘‘انہوں نے مزیدکہا،’’میں نے وزیر اعظم کو ‘انجور وڑن ایٹ 2047’، ‘جن وشواس ودھیک 2025’، نو رائے پور کے ایس سی آر ڈی اے، میڈی سٹی اور ایجو-سٹی جیسی اسکیموں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم سے قبائلی علاقوں اور نکسل متاثرہ خطوں میں مثبت تبدیلی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم کی بااثر قیادت میں ‘ڈبل انجن سرکار چھتیس گڑھ کو نئی توانائی اور نئی رفتار دینے کے لیے مکمل عزم سے مصروف عمل ہے۔