سرینگر// محکمہ تعلیم کی جانب سے وادی کے تمام اضلاع بشمول لیہہ اور کرگل میں قریب 20 لاکھ مفت نصابی کتابیں سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم طالب علموں میں تقسیم کی گئیں جبکہ اگلے 3 روز میں مزید 6 لاکھ کتابیں طلبہ میں تقسیم کی جارہی ہیں۔ ادھر وادی کے تمام اضلاع میں وزیر اعلی کے خصوصی پروگرام کے تحت اکیڈیمکس میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میںسائیکل تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے ڈائٹ اننت ناگ میں ایک اہم تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پر صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو بحیثیت مہمان، خسوصی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک اور چیف ایجوکیشن افسر اننت ناگ غلام رسول شاہ کے علاوہ محکمہ کے افسران اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے محکمہ تعلیم کی ان کوششوں کی سراہنا کی جس کے تحت پہلی بار بیک وقت وادی کے تمام اضلاع میں طلاب میں بروقت مفت کتا بیں تقسیم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اسطرح طلبہ کو موسم سرما میں بغیر کسی دقت کے پڑھنے کا موقعہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک احسن قدم ہے جس کیلئے ریاستی وزیر تعلیم سعید محمد الطاف بخاری،کمشنر سیکرٹری ایجوکیشن فاروق احمد شاہ اور دائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر مبارکبادی کے مستحق ہیںکیونکہ درسی کتابوں کی عدم دستیابی کے سبب طلاب کو کافی مشکلات درپیش رہتی ہیں۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں43سائیکلیں تقسیم کیں۔اس کے علاوہ بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلبأ میں 61000کتابیں تقسیم کی گئیں۔ اسطرح آل ٹررین ماونٹ بائکوں کی تقسیم کاری کا دوسرا مرحلہ بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔دریں اثناء ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے زیر اہتمام وادی بھر میں طالب علموں کیلئے کیرئر کونسلنگ اور گائڈنس سیشن منعقد کئے جارہے ہیں جس میں طلباء و طالبات کو کیرئر کونسلنگ سے متعلق ماہرانہ جانکاری دی جائے گی ۔اس بارے میں محکمہ کی جانب سے 3 دسمبر کو صبح 10 بجے دوردرشن کیندریہ سرینگر سے کیرئر کونسلنگ پروگرام براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا جبکہ 5 دسمبر2017 کو سرینگر کے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں ایک صوبائی سطح کا کیرئر کونسلنگ سیشن منعقد ہوگا۔ وادی کے تمام اضلاع میں بھی اسطرح کے کتاب میلوں کا انعقاد کیا گیا جہاں پر ضلعی ترقیاتی کمشنروں اور محکمہ تعلیم کے حکام نے بچوں میں مُفت کتابیں تقسیم کیں جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے وزیر اعلی کے خصوصی پروگرام کے تحت اکیڈمکس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں سائیکل بھی تقسیم کئے۔دریں اثنأ سی ایم سپر۔50کے سلسلے میں آج یعنی اتوارکو امتحان لیا جائے گا۔