چندی گڑھ//پنجاب کابینہ نے خواتین کو یکم اپریل سے سرکاری بسوں میں مفت سفر کو منظوری دے دی۔اس سلسلہ کا فیصلہ وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں کیا گیا۔خواتین امپاورمنٹ کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے کی جارہی کوششوں کے تحت وزیراعلی نے گزشتہ پانچ مارچ کو اسمبلی میں خواتین کو مفت بس سفر اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کا فائدہ پوری ریاست میں 1.31کروڑ خواتین کو ہوگا۔ 2011کی مردم شماری کے مطابق پنجاب کی مجموعی آباد 2.77کروڑ ہے جن میں سے 1,46,39,465مرد اور 1,31,03,873 خواتین ہیں۔اسکیم کے تحت پنجاب کی شہری خواتین سرکاری بسوں میں مفت سفر کرسکیں گی جس میں پیپسو روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (پی آر ٹی دی)، پنجاب روڈ ویز بسز(پن بس) اور مقامی سرکار کی طرف سے چلائی جانے والی سٹی بس سروسز شامل ہیں۔ یہ اسکیم سرکاری اے سی بسوں، وولوو، بسوں اور ایچ وی اے سی بسوں میں نافذ نہیں ہوگی۔دیگر فیصلوں میں اضلاع میں چلائی جارہی سرکاری مویشیوں کے فارم اور آوارہ جانوروں کے مسئلہ کے حل کیلئے مویشی فارم کو پبلک۔ پرائیویٹ حصہ داری سے چلائے جانے کو آج منظوری دے دی۔نئی پالیسی میں ضرورت کے مطابق ترمیم کرنے کے لئے پورے حقوق دیئے گئے ہیں۔ ان کیٹل پاونڈز (امرتسر اور فروز پور کو چھوڑ کر) کے پی پی پی طریقہ سے چلائے جانے سے ریاست پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ پی پی پی طریقہ اپنانے اور ‘ایکسپریشن آف انٹرسٹ’ مانگے جانے کا فیصلہ کابینہ سب کمیٹی نے آوارہ جانوروں کے مسئلہ سے نپٹنے کے لئے گزشتہ برس جولائی میں لیا تھا۔یو این آئی