کشتواڑ //ضلع کشتوڑ میں ایم جی نریگا کے تحت کاموں کی سست رفتاری کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ضلع کے کئی سینئر افسران بشمول اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اور متعدد بلاک ڈیولپمنٹ افسروںکی سر زنش کی ۔اس سلسلہ میں انہوں نے پہلی کاروائی کے طور ضلع کے8 بلاکوں بشمول پلمار، بونجواہ، مغل میدان، کشتواڑ، اندروال، تری گام،دربشالہ، ناگسینی کے بلاک ڈیولپمنٹ افسروں کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر انکی تنخواہیں روکنے کا حُکم جاری کیا ہے۔انہوں نے مزید تنبہیہ کیا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر انکے خلاف ضبط شکنی کی کاروائی کی جائے گی ،جس پر سرکار کو انکے ناموں کو بطور ڈیڈ ووڈ Dead Wood قرار دینے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہ کاروائی رواںمالی سال کی پہلی سہ ماہی میں محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کی ہے،جس میں پایا گیا کہ محکمہ کے بعض افسروں نے تا دم منظور شدہ ایم جی نریگا پلان کے تحت 50فیصدی کاموں کو بھی شروع نہیں کیا ہے۔انہوں نے نان پرفامنگ افسروں کو ترقیاتی کاموں کی رفتار میں بہتری لانے کیلئے20دنوں کا موقعہ فراہم کیا ہے۔انہوں نے واضح کر دیا کہ اگر ان افسروں نے مقررہ مدت کے دوران اپنی کارکردگی میں بہتری کا مشاہدہ نہیں کیا تو انکے خلاف تحت سروس رولز سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترقیاتی کاموں کی رفتار میں سرعت لانے کے لئے ورک کلچر میں بدلائو لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ا نہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے سیکٹروں میں کام کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے افسروں کو مستقبل میں اپنی ذمہ واریوں میں سست رفتاری برتنے پر سخت کاروائی کی تنبہیہ کی۔ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ افسروں کی کارکردگی میں بہتری لانے اور انہیں جواب دہ بنانے کے لئے کئی اقدام کئے جا رہے ہیں۔