سرینگر// ریاست کے ہر ایک صوبے تک تر قی پہنچانے کا واعدہ دہراتے ہوئے پی ڈی پی صدر اور ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ انکی سرکاری نے تمام علاقوں کیلئے جامعہ ترقیاتی منصوبہ ترتیب دیا ہے اور لوگوں تک پروگرام کو کامیاب بنانے اورگھر گھر تک پہنچانے کیلئے ان سے مدد طلب کی ہے۔ راجپورہ اور ترال علاقوں میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ انکی سرکار نے ہر شعبہ میں ترقی اور بہتری لانے اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا واعدہ کیا ہے اور لوگوں کی مدد کے بغیر ان کاموں کو کامیاب نہیں بنایا جاسکتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ چاہئے وہ کالج ہو ، سکول ہو یا کھیل کا میدان میری سرکار نے ہر ایک چیز کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ راجپورہ ترال میں ممکنہ سیاحت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ علاقے نئی اور چند پرانی جگہوں کیلئے مشہور ہے جن میں شکارگاہ اور سنگرونی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زیادہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں جھرنوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکی ہے۔ محبوبہ مفتی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ترال پچھلے تین دہائیوںسے ترقی سے دور رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی سرکار نے ترال میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے ترال کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ترقی کے فائدے سب تک پہچانے کیلئے حکومت کی مدد کریں۔