بانہال //دیہی ترقیات کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ کیلئے گرام سبھاؤں کا انعقاد کافی ضروری ہے اور لوگوں کو بڑھ چڑھ کر گرام سبھاؤں میں حصہ لینا چاہئیے ۔ آج بانہال میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سرکار ریاست کے عوام کی بہبود کیلئے وعدہ بند ہے اور منریگا سمیت کئی بڑی سکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔ محکمہ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایا گیا کہ 2016-17 میں ضلع میں منریگا کے تحت 42 کلورٹ اور 33 پُل تعمیر کئے گئے ہیں ۔ وزیر نے افسران کو تمام جاری پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے علاوہ مختلف علاقہ جات میں گرام سبھاؤں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت 2664 انفرادی بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں ۔ وزیر نے عوام کو گرام سبھاؤں اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ لے کر رشوت سے پاک انتظامیہ کی فراہمی میں سرکار کو تعاون دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے مرکزی سرکار کی طرف سے بھر پور مالی مدد فراہم کرنے پر مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پر بی اے رونیال اور دیگر لیڈروں نے مختلف مطالبات پیش کئے جنہیں ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی وزیر نے یقین دہانی کرائی ۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن ، ایس ایس پی ، ڈائریکٹر دیہی ترقیات جموں اور دیگر ضلع افسران بھی موجود تھے ۔