سرینگر//پی ڈی پی سینئر رہنما اورسابق وزیرخزانہ سیدمحمدالطاف بخاری نے مرکزی حکومت اور گورنر انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ انتخابات کا جشن منانے کے موڈ سے باہر آکر وادی میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کو ختم کرنے پر توجہ مرکوزکریں ۔بخاری جو اس وقت ملک سے باہر ہیں،نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاستدانوں کی سیاست اب اِن معصوم اور بلا جواز ہلاکتوں پر بیانات جاری کرنے تک محدودرہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف مذمت اور احتجاجی بیانات سے کام نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وقت آیا ہے کہ جموں کشمیر کی سبھی سیاسی پارٹیاں سرجوڑ کر بیٹھیں اور ریاست کو اس سیاسی بحران سے نکالنے کی تدبیر کریں ،جو یہاں کے معصوم عوام کا روز خون بہا رہا ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ لاروکولگام میں سات شہریوں کی ہلاکت پر حکومت کا بیان اس لحاظ سے درد ناک ہے کہ اس میں حکومت نے بے لگام سیکورٹی فورسزکا دفاع کیا ۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ماضی کے ایسے واقعات سے کوئی سبق حاصل نہیں کرتے۔بخاری نے خبردار کیا کہ ایسی ہلاکتوں نے ماضی میں حالات کو ابتر کردیا اور اگر ایسے واقعات پر فوری طور روک نہیں لگائی گئی ،توعین ممکن ہے کہ وادی کے حالات بدسے بدترین ہوجائیں گے۔ سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ ہر روز ایسے واقعات کے بارے میں سننے سے دل چھلنی ہوجاتا ہے ۔انہوں نے سبھی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی نظریات سے بالاتر ہوکر یکجا ہوجائیں تاکہ اس خون خرابے اور قتل وغارت کو روکا جائے۔بخاری نے غمزدہ خاندانوں کے لواحقین سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے جان بحق ہوئے افراد کے ارواح کے سکون اور زخمیوں کی شفایابی کی دعا کی۔