سرینگر// سرکار پر اپوزیشن کی آواز دبانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نگروٹہ دوندرسنگھ رانا نے کہا کہ سرکار سے نہ صرف کشمیر بلکہ جموں اور لداخ کے لوگ بھی دکھی ہیں اور سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے ۔اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ جب بھی اسمبلی سیشن لگتا ہے تو سرکار کی یہ کوشش رہتی ہے کہ بحث نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے موجودہ حالات پر اسمبلی میں بحث کرنا ضروری تھا کیونکہ پورے جموں وکشمیر اور لداخ کی عوام سرکار کی غلط پالیسوں کی وجہ سے دکھی ہے۔ انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں لیکن سرکار ممبران، جو لوگوں نے چن کر اسمبلی میں بھیجے ہیں ،کی آواز دبا رہی ہے اور انہیں لوگوں کے مسائل اسمبلی میں اٹھانے سے روکا جاتا ہے ۔ انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ وہ صر ف ایک مخصوص پارٹی کے سپیکر نہیں بلکہ ایوان کے سپیکر ہیں لیکن آپ اپوزیشن کا گلا گھونٹ کرجمہوریت نہیں چلا سکتے ۔انہوںنے کہا کہ اسمبلی میں ہر قسم کا ماحول بحث کرانے کیلئے ہونا چاہئے تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہوں لیکن سرکار ہر مرحلے پر ناکام ہو کر اب اپوزیشن کی آواز کو دبا رہی ہے۔ اُسے پتہ ہے کہ اگر وہ بحث کرائے گی تو اس کی اصلیت عوام کے سامنے آجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کا فیشن بن گیا ہے جب بھی کسی بڑے مدعے پر سوالوں کے جواب مانگے جاتے ہیں تو سرکار کسی نہ کسی طریقے سے ایوان کی کارروائی ملتوی کر دیتی ہے جیسا کہ پچھلے سال جموں میں اور کشمیر میں ہوا ۔صرف جی ایس ٹی کو نافذ کرنے کیلئے وہاں ایوان کوچلایا گیا جب اُس پر بحث کرنے کو کہا گیا تو ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ جموں کا حوالہ دیتے ہوئے رانا نے کہا کہ جموں کے ساتھ بھی موجودہ سرکار میں استحصال ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کی عوام نے بی جی پی کو اقتداد میں لایا اور 25سیٹیں دیں اُن کو چاہئے تھا کہ وہ جموں کے لوگوں کی تعمیر وترقی کیلئے اقدمات کرتی لیکن پچھلے تین سال میں بی جی پی ممبران اور منسٹروں نے وہی کیا جس سے جموں کے لوگوں کا استحصال ہوا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اسمبلی کے اندر بی جے پی ممبران سے کہہ دیا ’’جموں جاگا ہوا ہے ،بی جے پی والو جاگو ،،انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کو جاگنا پڑے گا ۔