عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ//کانگریس کے سینئر لیڈر جی ایم سروری نے حالیہ طوفانی بارشوں ،بادل پھٹنے اور زمین کھسکنے سے متاثرہ ضلع کشتواڑ کے بونجواہ علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے مسائل سننے کے بعد حکومت پر زور دیا کہ فوری طور پر بازآبادکاری اور خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔جی ایم سروری نے اپنے دورے کے دوران متاثرہ دیہات کے متعدد خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ متاثرین نے شکایت کی کہ بارش اور زمین کھسکنے سے ان کے مکانات اور کھیت کھلیان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گھروں میں نہ کھانے پینے کا سامان ہے نہ ہی سر چھپانے کے لئے محفوظ چھت، جبکہ انتظامیہ کی طرف سے دیا گیا ریلیف نہایت ناکافی ہے۔جی ایم سروری نے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ آفت کے دوران زائد از ایک درجن مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے ہیں اور زمین کھسکنے کے باعث یہ جگہ اب رہائش کے لئے محفوظ نہیں رہی۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیلدار نے بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور یہ تسلیم کیا ہے کہ یہاں مکانات کی تعمیر نو ممکن نہیں۔سروری نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرین کو چاسوٹی متاثرین کی طرز پر کسی محفوظ مقام پر آباد کرے تاکہ مستقبل میں یہ لوگ دوبارہ کسی ناگہانی آفت کا شکار نہ ہوں۔