حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کی پنچایت کلر کٹل اپر، پنچایت پمروٹ،گاوں دھڑہ سموٹ اور پنچایت کلر کٹل کے تین گاؤں کے مکینوں نے سومو اور ٹاٹا میجک گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے من مانی اور اضافی کرایہ وصولی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ سابقہ سرپنچ محمد اسلم کوہلی کی قیادت میں ایک وفد نے اس سلسلے میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ اور ایس ایچ او سرنکوٹ سے ملاقات کی اور ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔وفد نے حکام کو بتایا کہ ڈرائیور مقررہ کرایہ سے کہیں زیادہ وصول کر رہے ہیں، جس سے غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر گاڑی میں کرایہ کی مقررہ فہرست آویزاں کی جائے تاکہ مسافروں کو لوٹ کھسوٹ سے بچایا جا سکے۔وفد نے اے آر ٹی او پونچھ سے بھی اس معاملے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ من مانی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پنچایت میں کینٹر گاڑیوں کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو۔مظاہرین کا یہ بھی الزام ہے کہ ڈرائیور اضافی کرایہ وصول کرنے کے علاوہ مسافروں کے سامان کا کرایہ لیکر دوہری لوٹ کا نشانہ بنا رہ۔ عوام نے حکام سے اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دینے اور ٹھوس اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔اس وفد میں محمد شریف دیدڑ،بشارت حسین مغل،قمر دین راتھر،سید بشارت حسین شاہ،امام جامع مسجد کلر کٹل ممتاز احمد کوہلی کے باشمول دیگر مقامی لوگوں کی کثیر تعداد موجود رہی۔