سمت بھارگو
راجوری//سرنکوٹ پونچھ میں جمعہ کے روز ایک فوجی کیمپ میں برادری کشی کے واقعے کے نتیجے میں 2فوجی اہلکار ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے ، جن کو فوجی ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔پولیس کے مطابق سرنکوٹ میں 156 ٹریٹوریل آرمی کے فوجی اہلکاروں کے مابین اپنے کیمپ میں صبح ساڑھے پانچ بجے اس وقت کسی بات پر جھگڑا ہوا ، جب وہ روڑ اوپننگ پارٹی کے حصہ کے طور پر ڈیوٹی پر جارہے تھے۔پولیس نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کیمپ کی بارک میں موجودنائیک امتیاز احمد ساکن مینڈھر نے اپنے ایک اور ساتھی سپاہی ابرار احمد ساکن کالا کوٹ راجوری کو گولی مار کر ہلاک کیا۔
اس موقعہ پر جب گولیوں کی آواز سنی گئی تو انکے دیگر ساتھی جو بارک سے باہر تھے، روڑتے ہوئے بارک میں داخل ہوئے، تو امتیاز احمد نے سپاہی مکھن سنگھ اورنائیک خلیل احمد پر بھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ اسکے فوراً بعد امتیاز نے خود کو گولی مار کر خود کشی کی۔دیگر فوجی اہلکاروں نے چاروں کو نزدیکی کیمپ اسپتال لیا جہاں ڈاکٹروں نے امتیاز احمد اور ابرار احمد کو مردہ قرار دیا جبکہ دیگر دو اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کیا جہاں سے انہیں ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔انکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے ۔