اشفاق سعید+سمت بھارگو
سرینگر+پونچھ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اتوار کی شام دیر گئے وادی میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔محکمہ نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں اور کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں موسم خراب رہا۔شہر سرینگر میں اتوار کی شام دیر گئے قریب 9بجے تیز ہوائیں چلیں جس کے بعد زوردار بارش کا آغاز ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔موسلا دھار بارش کیساتھ ساتھ بادل بھی گرجے اور کئی علاقوں میں تیز بارش بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ سرینگر، کپوارہ، بارہمولہ کے علاوہ شوپیان اور دیگر
کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کیساتھ ساتھ گرج چمک کیساتھ تیز بارش بھی ہوئی۔اسکے علاوہ سونہ مرگ، زوجیلا اور اسکے ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔وادی کے جن علاقوں میں تیز بارش ہوئی وہاں سڑکیں زیر آب آئیں اور متعدد بستیوں میں برقی رو بھی منقطع ہوگئی ہے۔اس دوران سرنکوٹ قصبے میں شام کے وقت بادل پھٹے جس کے نتیجے میں پانی ایک بستی میں داخل ہوا۔سرنکوٹ ٹائون کے اقبال نگر علاقے کے اوپر پہاڑی پر بادل پھٹے اور پہاڑی سے بہت زیادہ پانی نیچے بستی میں گھس گیا جس کے نتیجے میں کھڑی گاڑیاں لڑھک گئیں، موٹر سائیکل بہہ گئے اور پانی رہائشی مکانوں کی پہلی منزل میں داخل ہوا۔انتظامیہ کی فوری کارروائی کے طور پر فوج کو بھی بچائو کارروائیوں میں شامل کیا گیا جس نے پولیس اور سیول رضاکاروں کیساتھ مل کر مقامی آبادی کو گھروں سے نکالا اور یہ کارروائی رات دئر گئے تک جاری رہی۔مقامی آبادی کو گھرو ں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر پولیس نے بتایا کہ پونچھ کے ہی کلائی علاقہ میں بادل پھٹنے کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں 2شہری پانی میں بہہ گئے جن میں سے ایک کو زخمی حالت میں بچایا گیا تاہم ایک لاپتہ ہے۔