سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر نے کل کچھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کر کے اُن تمام سکولوں اور پرائیویٹ کوچنگ مراکز کو سیل کرنے کی ہدایات دیں جو حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے سرمائی تعطیلات حکمنامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ والدین کی طرف سے کئی شکایات ملنے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ڈون انٹر نیشنل سکول سمیت کئی سکولوں کا دورہ کیا اور وہاں چھوٹی کلاسوں سمیت سکول میں مکمل تدریسی سرگرمیاں جاری پائیں ۔ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ نے سی ای او سرینگر کو ہدایت دی کہ وہ اس حوالے سے ڈون انٹر نیشنل سکول کے خلاف کاروائی کریں ۔ ڈائریکٹوریٹ نے چیف ایجوکیشن افسروں کو مزید ہدایت دی ہے کہ وہ غیر رجسٹر شدہ پرائیویٹ سکولوں اور کوچنگ مراکز کے خلاف بلا کسی تاخیر کے کاروائی شروع کریں ۔ علاوہ ازیں اُن سکولوں اور پرائیویٹ کوچنگ مراکز کو بھی سیل کیا جانا چاہئیے جنہوں نے قانون کے مطابق فیس اور فیکلٹی کی تفصیلات مشتہر نہیں کی ہے ۔