محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں مائی بھارت کے ڈپٹی ڈائریکٹر نتن ہنگلو کی جانب سے ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں انہوں نے مرکزی وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کود کی جانب سے شروع کی گئی “وِکست بھارت پدیاترا” کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس مہم کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی شمولیت کے جذبے کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوان نسل ملک کی تعمیر و ترقی میں سرگرم کردار ادا کر سکے۔نتن ہنگلو نے بتایا کہ وزیرِ اعظم ہند کے وژن “جن بھاگیداری برائے راشٹر نرمان” کے تحت یہ پہل نوجوانوں، بزرگوں اور تمام شہریوں کو ایک مشترکہ مقصد—ملک کی وحدت—کے لیے جوڑنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 6 اکتوبر 2025 کو وزارت نے’’سردار150یونٹی مارچ‘‘کا آغاز کیا، جو بھارت کے مردآہن، سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے قومی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شروع کی گئی سرکاری مہم ہے۔ انہوں نے کہا اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں ’’یک بھارت، آتم نربھر بھارت‘‘ کے جذبے کو اجاگر کرنا اور ان میں سماجی و قومی ذمہ داری کا احساس بیدار کرنا ہے۔مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے اس مہم کا باضابطہ افتتاح ایم وائی بھارت پورٹل کے ذریعے کیا۔ اس مرحلے میں سوشل میڈیا ریل مقابلہ، مضمون نویسی کا مقابلہ اور’’سردار150ینگ لیڈرز پروگرام‘‘شامل ہیں، جس کے تحت منتخب 150نوجوان قومی پدیاترا میں شرکت کا اعزاز حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا یونٹی مارچ دو مراحل میں منعقد کیا جائے گا پہلے ضلعی سطح پر پدیاترا (31اکتوبر تا 25نومبر 2025)تین روزہ، 8 تا 10 کلومیٹر طویل پدیاترا تمام اضلاع میں ہوگی۔اس سے قبل تعلیمی اداروں میں مضمون نویسی، مباحثے، سیمینار اور نکڑ ناٹک جیسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ نوجوانوں کے درمیان ’’نشہ مکت بھارت‘‘ اور ’’فخر سے دیسی ‘‘کے عہد بھی لیے جائیں گے، جبکہ یوگا، صحت کیمپ اور صفائی مہمات بھی چلائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا پدیاترا کے دوران شرکاء سردار پٹیل کے مجسمے یا تصاویر پرگلباری کریں گے اور ثقافتی تقاریب کا اہتمام ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا قومی مارچ (26 نومبر تا 6 دسمبر 2025) سے شروع ہوگا یہ152کلومیٹر طویل مارچ کارمسد (سردار پٹیل کی جائے پیدائش) سے اسٹیچو آف یونٹی، کیوڈیا تک ہوگا۔راستے میں 150مقامات پر ثقافتی نمائشیں،’’سردار گاتھا‘‘نشستیں اور تعلیمی سرگرمیاں منعقد ہوں گی جن میں این سی سی، این ایس ایس اور ایم وائی بھارت کے نوجوان شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا ملک بھر کے نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس تاریخی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی رجسٹریشن MY Bharat پورٹل https://mybharat.gov.in/pages/unity_march پر کرائیں۔ انہوں نے کہا یہ مہم نہ صرف سردار پٹیل کی عظیم خدمات کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرے گی بلکہ ایک مضبوط، متحد اور خود انحصار بھارت کی بنیاد رکھنے میں نوجوانوں کے کردار کو بھی اجاگر کرے گی۔