سرینگر //وادی کے مختلف اضلاع میں آنجہانی ولبھ بھائی پٹیل کے 142ویں یوم ولادت کے سلسلے میں قومی یکجہتی دن منایا گیا جس دوران اجتماعی دوڑ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عام لوگوں،طلبأ ملازمین اور سول سوسائٹی کے ممبران کے علاوہ کھلاڑیوں اوردیگر پیشہ ور لوگوں نے شرکت کی۔ضلع گاندربل میں آج راشٹریہ ایکتادوس جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے قومی یکجہتی کی مشعل کو ہمیشہ روشن رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے ڈی سی اوردیگر آفیسران بھی تھے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ہم میںقومی یگانگت اورسلامتی کی شمعیں روشن رکھنے کا جذبہ ہونا چاہیے ۔بعد میں یہاں یکجہتی کے لئے دوڑ کا بھی اہتمام ہوا۔یہ دوڑ منی سیکریٹریٹ ڈی سی آفس کمپلیکس گاندربل سے شروع ہوکر ٹائون ہال میں اختتام پذیر ہوئی۔دوڑ میں بڑی تعداد میں مختلف سکولوں کے طلبأ اورسرکردہ شہریوں نے حصہ لیا۔اُدھر کولگام میں ترقیاتی کمشنر طلعت پرویز نے آنجہانی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 142ویں یوم ولادت اورقومی یکجہتی دن کے سلسلے میں ایک دوڑ کو ہر ی جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس موقعہ پر اے ڈی سی ،ایڈیشنل ایس پی،ڈی ایس پی اور دیگر ضلع آفیسران بھی موجود تھے۔دوڑ کا اہتمام محکمہ پولیس نے ضلع انتظامیہ کے آفیسران کے اشتراک کے ساتھ کیا تھا۔دوڑ میں مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے 500لوگوں بشمول صحافیوں ،جوڈیشری ،طلبأ،ڈاکٹروں،اساتذہ،کھلاڑیوں اورسول سوسائٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔بعدمیں یہاں قومی یکجہتی کے موضوع پر ایک مصوری مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سکولوں کے 200کے قریب طلبأ نے شرکت کی۔دریں اثنأ ضلع کپوارہ میں قومی یکجہتی دن منانے کے سلسلے میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب ضلع پولیس لائینز کپوارہ میں منعقد ہوئی۔جہاں ایس ایس پی کپوارہ نے ایک ریلی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا جس میں مختلف سکولی بچوں کے علاوہ مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔