عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// تقسیم کے باوجود بھارت کے ساتھ سندھ کے تہذیبی روابط پر بی جے پی کے سرپرست ایل کے ایڈوانی کے الفاظ کو یاد کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ “سرحدیں بدل سکتی ہیں” اور “کل سندھ ہندوستان کو واپس مل سکتا ہے”۔ سندھی کمیونٹی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “اڈوانی جی نے اپنی ایک کتاب میں لکھا کہ سندھی ہندو، خاص طور پر ان کی نسل کے لوگوں نے سندھ کی بھارت سے علیحدگی کو ابھی تک قبول نہیں کیا”۔سنہ 1947 میں غیر منقسم ہندوستان کی تقسیم کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا اور دریائے سندھ کے قریب واقع سندھ کا علاقہ اسی وقت سے پاکستان کا حصہ ہے۔راجناتھ نے اپنی تقریر میں کہا کہ “صرف سندھ میں ہی نہیں، بلکہ پورے بھارت کے ہندو دریائے سندھ (ہندی میں سندھو) کو مقدس سمجھتے تھے۔ سندھ کے بہت سے مسلمانوں کا بھی یہ ماننا تھا کہ دریائے سندھ کا پانی مکہ کے آب زم زم (پانیوں میں سے مقدس ترین) سے کم مقدس نہیں ہے۔””یہ اڈوانی جی کا اقتباس ہے۔ آج سندھ کی سرزمین بھلے ہی بھارت کا حصہ نہ ہو، لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ بھارت کا حصہ رہے گا اور جہاں تک زمین کا تعلق ہے، سرحدیں بدل سکتی ہیں، کون جانتا ہے، کل سندھ ہندوستان کو واپس مل جائے۔ ہمارے سندھ کے لوگ، جو دریائے سندھ کو مقدس سمجھتے ہیں، ہمیشہ ہمارے ہی رہیں گے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں، وہ ہمیشہ ہمارے ہی رہیں گے۔”سنگھ نے تاہم اس کتاب کے عنوان کا ذکر نہیں کیا جس کا وہ حوالہ دے رہے تھے۔ سنہ 2017 میں اڈوانی، جو نائب وزیر اعظم کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں، نے دہلی میں ایک تقریب میں کہا تھا، “میرا ماننا ہے کہ بھارت سندھ کے بغیر ادھورا لگتا ہے۔”