جموں//سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے غیر متوقع طور پر ہندوستان اور پاکستان کی سرحدی افواج کے درمیان جمعرات کو فلیگ میٹنگ ہوئی۔آر ایس پورہ کے سچیت گڑھ سیکٹر میں بی ایس ایف اور پاک رینجرز کے سیکٹر کمانڈر سطح کی میٹنگ کے انعقاد کی تصدیق کرتے ہوئے بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’یہ میٹنگ سرحدی کشیدگی کو کم کرنے اور دونوں فیلڈ کمانڈروں کے درمیان مواصلاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کی پانچ رکنی ٹیم کی قیادت ڈی آئی جی بی ایس ایف جموں سیکٹر پی ایس دھیمان کر رہے تھے جب کہ پاکستانی وفد 10افسران پر مشتمل تھا جس کی قیادت سیکٹر کمانڈر چناب رینجرز سیالکوٹ برگیڈئر امجد حسین نے کی۔ یہ میٹنگ 12بجے دن کو شرو ع ہوئی اور 30منٹ تک جاری رہی۔ترجمان نے کہا کہ خوشگوار ، مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقدہ اس میٹنگ میں مقامی کمانڈروں کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ظاہر کیا گیا تا کہ چھوٹے موٹے معاملات کو مقامی سطح پر نپٹا لیا جائے، نیز دونوں فورسز نے سرحدوں پر امن قائم کرنے پر اتفاق ظاہر کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ میٹنگ قریب 4ماہ کے بعد ہوئی، اس سے قبل 29ستمبر 2017کو فلیگ میٹنگ ہوئی تھی۔ میٹنگ میں بی ایس ایف نے 3اور 17جنوری کو سنائپر فائر سے اہلکاروں کی موت اور پاکستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری پر اپنا اعتراض جتایا ہے جس میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد کے قریب مسلح افراد کی نقل و حرکت پر بھی اعتراض ظاہر کیا اور واضح کیا کہ ہندوستان دراندازی کی کسی بھی کوشش کا بھر پور جواب دیاجائے گا۔
حد متارکہ پر کشیدگی برقرار ،نوشہرہ سیکٹر میں اہلکار زخمی
رمیش کیسر+جاوید اقبال
نوشہرہ +مینڈھر //حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور تازہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں نوشہرہ سیکٹر میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہواہے ۔ وہیں مینڈھر کے منکوٹ سیکٹر میں جمعرات شام سوا چھ بجے سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیاہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق نوشہرہ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہواہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے نوشہرہ سیکٹر کے بابا کھوڑی اور تڑونی نالے میں ہر اول چوکیوں پر گولہ باری کی ۔ ذرائع کے مطابق بدھوار رات گیارہ بجے سے لیکر سوابارہ بجے تک کی گئی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں 19پنجاب ریجمنٹ کا اہلکار رنجیت سنگھ شدید طور پر زخمی ہواہے جس کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔وہیں مینڈھر کے منکوٹ سیکٹر میں شام 6بج کر 15منٹ سے فائرنگ اورگولہ باری کا سلسلہ شروع ہواہے جس دوران دبڑاج ، دھوبی کیمپ ، ناڑ منکوٹ اور بنلوئی علاقوںکو نشانہ بنایاگیا۔مقامی ذرائع کاکہناہے کہ اس دوران کئی گولے رہائشی علاقوں میں بھی آگرے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پیداہواہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک گولہ باری ہورہی تھی تاہم کسی طرح کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔دریں اثناء کرشنا گھاٹی میں زخمی ہوکر گزشتہ روز دم توڑدینے والے نائیک جگدیش نامی اہلکار کو فوج کی طرف سے خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس سلسلے میں جی او سی وائٹ نائٹ کارپس کے لفٹنٹ جنرل سرنجیت سنگھ نے مارے گئے فوجی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔