ڈوڈہ //ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں جمعہ کے روز اس وقت ماسوائے ایمرجنسی یونٹ کے باقی تمام سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئیں جب ہسپتال کے تمام ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ کے ملازمین ہڑتال پر چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے ہسپتال کا تمام نظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے 10اپریل کو جاری ایک حکمنامہ میں ایک تیماردار کی طرف سے کی گئی شکایت کی بنیاد پر سرجن سپیشلسٹ ڈاکٹر راکیش کمار کو معطل کر دیا ہے اگرچہ اس آرڈرکے ساتھ کوئی بھی چارج شیٹ منسلک نہیں کی گئی ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ تیمار دار نے ڈاکٹر پر مریض کی بروقت سرجری نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر راکیش پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں اور چند مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر ان کی شبیہہ کو خراب کرنے کے در پہ ہیں انہوںنے ہی ضلع ترقیاتی کمشنر کو گمراہ کیا ہے ۔ انہوںنے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ نے بھی بنا کسی تحقیقات کے ایک سینئر ڈاکٹر کو عتاب کا نشانہ بنایا جس سے ان کی شخصیت مسخ ہوئی ہے ۔ انہوں نے معطلی کا حکمنامہ فی الفور واپس لئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں ان کی ہڑتال جاری رہے گی اور ہسپتال میں پیش آنے والی کسی بھی مشکل کے لئے ضلع انتظامیہ ذمہ وار ہوگی ۔ دریں اثنا سیول سوسائٹی ، نیشنل ہیلتھ مشن ایمپلائز ایسو سی ایشن اور چناب ویلی ڈاکٹرس ایسو سی ایشن سمیت کئی تنظیموں نے ہڑتالی طبی ملازمین کی حمایت کرتے ہوئے ڈاکٹر مذکورہ کی معطلی کو انتظامیہ کی چیرہ دستی سے تعبیر کیا ہے ۔