سری نگر// بہار کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے جمعرات کو یہاں راج بھون میں جموں وکشمیر کے 13 ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس گیتا متل نے ستیہ پال ملک کو حلف دلایا۔ ستیہ پال نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔راج بھون کے خوبصورت لانز میں منعقد ہوئی تقریب حلف برداری میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ سول، پولیس اور فوج کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر راج بھون کے اندر و باہر اور اس کی طرف جانے والی سڑکوں پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔واضح رہیکہ صدر ہند رام ناتھ کووند نے گذشتہ روز بہار کے گورنر ستیہ پال ملک کو جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا۔ اس طرح سے 71سالہ ستیہ پال نے 82سالہ نریندر ناتھ ووہرا کی جگہ لی ہے۔خیال رہے کہ جموں وکشمیر کے گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی مدت کار رواں برس جون میں ہی ختم ہوگئی تھی۔ ریاست میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحادی حکومت سے بی جے پی کے ناطہ توڑلینے کے بعد سے یہاں 20 جون سے گورنر راج نافذ ہے۔ ووہرا کی مدت کار کے تعلق سے مسلسل قیاس آرائی کی جارہی تھی۔ 82 سالہ مسٹر ووہرا نے عمر درازی کی وجہ سے پہلے ہی عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔مسٹر ووہرا نہ سنہ 2008 میں ریاست کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 5 مئی 1936 کو جنمے مسٹر ووہرا 1959 کے پنجاب کیڈر کے سابق آئی پی ایس افسر ہیں۔ مسٹر ووہرا جموں وکشمیر کے بارہویں جبکہ جگ موہن کے بعد ریاست کے پہلے سویلین گورنر تھے۔
ستیہ پال ملک کا تعارف
ستیہ پال ملک سیاسی ماضی رکھنے والی شخصیت ہیں۔ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اترپردیش کے شہر میرٹھ سے بحیثیت سٹوڈنٹ لیڈر کیا تھا۔ انہوں نے سنہ 1974 میں چرن سنگھ کی لوک دل میں شمولیت اختیار کی تھی اور پہلی مرتبہ اترپردیش اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ مسٹر ستیہ پال سنہ 1980 اور 1986 میں بالترتیب لوک دل اور کانگریس کی امیدواری پر راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے نویں لوک سبھا میں 1989 سے 1991 تک علی گڑھ پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہیں سنہ 1990 میں وی پی سنگھ نے اپنی کابینہ میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور و سیاحت کی حیثیت سے شامل کیا تھا۔ستیہ پال ملک نے سنہ 2004 میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور اپنے سیاسی گرو چرن سنگھ کے بیٹے اجیت سنگھ کے مدمقابل الیکشن لڑا۔ تاہم انہیں فتح نصیب نہیں ہوئی۔گورنر جموں وکشمیر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل مسٹر ستیہ پال 30 ستمبر 2017 سے رواں برس کے 21 اگست تک بہار کے گورنر رہے۔ وہ اس دوران چند ماہ تک اڑیسہ کے قائم مقام گورنر بھی رہے۔ یو این آئی
سری نگر//پارلیمنٹ ممبر اور سابق وزیرا علیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں پرمشتمل ایک وفد، جس میں سابق وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی بھی شامل تھیں، نے آج ریاست کے سابق گورنر این این ووہرا کو الوداعیہ دیا۔ وفد میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے علاوہ دیگر جماعتوں کے لیڈر بھی شامل تھے۔وفد کی جانب سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دس برسوں تک ریاست کا نظام بہتر انداز میں چلانے کے لئے این این ووہرا کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ان خیالات کی محبوبہ مفتی نے تائید کی جنہوں نے مفید مشورے دینے کے لئے این وین ووہرا کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر کچھ اور موقعہ ملتا تو ریاست کے دیگر خطوں سے بھی سیاسی جماعتوں کے نمائندے یہاں آکر سابق گورنر کو الوداع کہتے۔وفد کی جانب سے بولتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی کہ سابق گورنر آنے والے دِنوں میں ریاست کے سفیر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں گے ۔این این ووہرا نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیا۔ریاست جموں وکشمیر کے ساتھ اپنی وابستگی کا ذکرکرتے ہوئے این این ووہرا نے کہا کہ انہیں جب بھی موقعہ ملے گا وہ ریاست کے معاملات میں دلچسپی لے کر خوشی محسوس کریں گے۔اس دوران ریاست کے سابق گورنر این این ووہرا کو یہاں ایس کے آئی سی سی میں ایک پُر وقار تقریب پر الوداعیہ دیا گیا ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر بی بی وِیاس ، خورشید احمد گنائی ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، چیئرمین ایس اے سی جسٹس ریٹائرڈ بشیر احمد خان، چیف ویجی لنس کمشنر پی ایل گپتا، چیئر مین پبلک سروس کمیشن لطیف الزماں دیوا، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر نذیر احمد خان ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹری، سول ، پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران اور کئی محکموں کے سربراہ بھی موجود تھے۔خورشید احمد گنائی نے اپنے مختصر خطاب میں ریاست کے گورنر کے حیثیت سے این این ووہرا کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ 10برسوں پر مشتمل ان کے دور کو ریاست کے لوگ بہت دیر تک یاد رکھیں گے۔انہوں نے این این ووہرا کے ساتھ کام کرنے کے دوران حاصل کئے گئے تجربات کے بارے میں بھی بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ میں گورنر ایک پدرانہ شفقت رکھنے والے سربراہ ثابت ہوئے ۔خورشید احمد گنائی نے سابق گورنر کے تئیں ریاست کی انتظامیہ اور لوگوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پر موجود کئی لوگوں نے سابق گورنر کو تحائف پیش کئے ۔سابق گورنر این این ووہرا نے انتظامیہ اور ریاست کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست سے یادیں اور لوگوں کا پیار لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے افسران سے تلقین کی کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کر کے لوگوں کی خدمت کرتے رہے۔ سابق گورنر این این ووہرا ذاتی طور ہر فرد سے ملے ۔