عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کود ڈاکٹر منسُکھ منڈاویہ سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ میٹنگ میں ستیش شرما نے مرکزی وزیر کو ایک جامع میمورنڈم پیش کیا جس میں جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے خطے کو کھیلوں اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کا مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔میمورنڈم میں بنیادی توجہ کھیلوں کے ڈھانچے کی ترقی، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور نچلی سطح پر شمولیت پر مرکوز تجاویز پر دی گئی جو قومی کھیل پالیسی۔ 2025 اور جموں و کشمیر سپورٹس پالیسی۔ 2022 کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ستیش شرما نے کھیلوں کو اَمن، اتحاد اور یکجہتی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا،’’جموں و کشمیر اپنی کھیلوں کی ترقی کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔
مرکز کے مسلسل تعاون سے ہم اپنے نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں لگا سکتے ہیں، ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکتے ہیں اور جموں و کشمیر کو قومی یکجہتی و کھیلوں میں مہارت کانمونہ بنا سکتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی کے لئے مرکزی حکومت کی مدد طلب کی جن میں گلمرگ میں نیشنل وِنٹر سپورٹس سینٹر آف ایکسی لینس کا قیام،ضلعی سٹیڈیموں کو جدید اور ہر موسم میں قابل اِستعمال بنانے کی منصوبہ بندی،دیہی نوجوانوں کی مساوی رَسائی کے لئے پنچایت سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔وزیر ستیش شرما نے کھیلو اِنڈیا پروگراموں کو نچلی سطح تک وسعت دینے، کھلاڑیوں کے لئے سکالرشپ اور مالی امداد میں اضافہ کرنے، ٹریننگ میں سپورٹس سائنس و فزیوتھراپی کے انضمام اور کھیلوں کی سہولیات کے مینجمنٹ اور مینی ٹیننس کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کھیلوں سے منسلک سیاحت اور بین الاقوامی سطح پر جموں و کشمیر کو روشناس کرنے کے لئے گلمرگ میں بین الاقوامی وِنٹر سپورٹس ایونٹوںکا اِنعقاد کی تجویز بھی پیش کی تاکہ جموں و کشمیر کو وِنٹر اور ایڈونچر سپورٹس کا عالمی مقام کے طور پر بنایا جا سکے۔ وزیرموصوف نے ’’ کھیلو اِنڈیا‘‘ کے تحت جاری اور منصوبہ بند اہم کھیلوں کے منصوبوں کی جلد تعمیر کے لئے پہلے سے تجویز کردہ 103.82 کروڑ روپے کی فوری واگزار کرنے کی درخواست کی۔ اُنہوں نے دیہی علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے فنڈز فراہم کرنے اور جموں و کشمیر کے ہر دیہی پنچایت میں رقم مختص کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔