محمد تسکین
بانہال // مرکزی وزارت برائے ماحولیات و جنگلات نے ضلع رام بن کی تحصیل بانہال کے گاؤں ٹنگر میں قائم مجوزہ ساولکوٹ پن بجلی پروجیکٹ (1856میگاواٹ) کو ماحولیاتی منظوری دے دی ہے۔محکمہ کی جانب سے جاری ایک سرکاری نوٹس کے مطابق یہ منظوری وزارت ماحولیات و جنگلات حکومت ہند کے خط نمبر J-12011/19/2011-IA-I مورخہ 17نومبر 2025کے تحت دی گئی ہے۔ اس منظوری کو جموں و کشمیر کے سب سے بڑے پن بجلی پروجیکٹس میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں علاقے کی توانائی ضرورتوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس ماحولیاتی منظوری کی نقول جموں و کشمیر سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے پاس دستیاب ہیں، جبکہ عوام وزارت ماحولیات و جنگلات کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی اس منظوری سے متعلق مکمل تفصیلات ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ساولکوٹ پروجیکٹ کو منظوری ملنے سے پروجیکٹ کی ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔