سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،نیشنل فرنٹ، لبریشن فرنٹ (ح)، سالویشن مومنٹ اوراسلامک پولیٹکل پارٹی نے آسیہ نیلوفر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کرتا آرہا ہے جو دہائیوں سے اپنے مسلمہ حق،یعنی حق خواد ارادیت کیلئے محو جد و جہد ہیں۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے آسیہ اور نیلوفر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2009میں وردی پوش اہلکاروں نے دونوں کو اپنی ہوس کا شکار بنانے کے بعد انتہائی سفاکی کے ساتھ قتل کردیا۔ پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کیخلاف عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طور استعمال کرتا آرہا ہے ۔ترجمان نے تحقیقاتی ایجنسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔انہوں نے کشمیر میں ہوئی سبھی ہلاکتوں بشمول آسیہ اور نیلوفر کی عصمت دری و قتل کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔ترجمان نے کہا کشمیر میں قتل اور عصمت دری کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سزا دلانا ایک طاقتور اعتماد سازی کا اقدام ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے اندر مثبت سوچ رکھنے والے افراد اور اداروں کو بھی کشمیر میں ہوئے ظلم و زیادتی کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرنا چاہئے ۔ آسیہ نیلوفر کے گھروالوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پوری قوم اُن کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم سب مل کر مظلوموں کو انصاف دلانے کی لڑائی میں ایک ساتھ ہیں کیونکہ آسیہ اور نیلوفر جیسی ہزاروں کی روحیں انصاف کی متلاشی ہیں۔نیشنل فرنٹ نے سانحہ شوپیان کو وردی پوش اہلکاروں پر ایک کلنک قرار دیتے ہوئے آسیہ نیلوفرکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ نیشنل فرنٹ نے کہا کہ آسیہ اور نیلوفر کے مجرموں کو کو بچانے کیلئے سی بی آئی نے وہ کام کر دیا جس کیلئے اس کی مدد حاصل کی گئی تھی۔فرنٹ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کنن پوشہ پورہ سے شوپیان تک آسیہ اور نیلوفر سمیت تمام مظلوم خواتین کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو زیادتیوں کا شکار ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی باغیرت انسان ان مظلوم بہنوں اور بیٹیوں کو نہیں بھلا سکتا جنہیںوردی پوشوں نے انتہائی غیر انسانی طریقے سے قتل کردیا ۔ پارٹی نے بین الاقوامی سطح پر سرگرم حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں عصمت دری کو جنگی حربے کے طور استعمال کئے جانے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ایسے اقدامات کریں جن سے ان سارے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لایا جاسکے ۔ لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر اور اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا جس میں آسیہ نیلوفرکو خراج عقیدت ادا کیا گیا۔انہوں نے افراد خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نے شوپیاں کے اس قتل و عصمت ریزی کے سانحہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے آسیہ نیلوفر کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ظفر بٹ نے کہا کہ جس طرح مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے آسیہ نیلوفر کو درندگی کا شکار بنایا اور جس دردناک و تکلیف دہ طریقہ سے انہیں قتل کیا گیااس سے انسانیت شرمسار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث مجرمین کو قرار واقعی سزا دلانے کے بجائے ان کو آزاد چھوڑا گیا جو کہ اخلاقی، انسانی و جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ کشمیر تحریک خواتین نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پرتاب پارک میں خاموش احتجاج کیا اور آسیہ اور نیلو فر کی یاد میں شمعیںروشن کیں۔ اس موقع پرتنظیم کی سربراہ زمردہ حبیب نے کہا کہ ہرایک چیز پر سیاست کرنا ٹھیک نہیں ہے اورجب بات بیٹیوں کی عفت و عصمت کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازی کو چھوڑ کر حقایق کو تسلیم کرنا ہی بہتر ہے ۔زمردہ حبیب نے کہا کہ آسیہ اور نیلوفر کے دہرے قتل و عصمت ریزی کے نو سال گذر جانے کے با وجود ہماری ان بیٹیوں کو انصاف نہیں ملا۔