پلوامہ +اننت ناگ//شوپیان میں نا معلوم جنگجوﺅں نے بھاجپا کے ایک ورکر کو گلا کاٹ کر ہلاک کردیا جبکہ سانبورہ پانپور میں فورسز کیساتھ گھمسان کی جھڑپ میں ایک جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 2جنگجو محصور ہیں۔اس دوران اننت ناگ میں سی آر پی ایف کی ایک گاڑی پر ہونے والے حملے میں 4اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کپوارہ میں گرینیڈ ناکارہ بنایا گیا۔پولیس نے کلورہ شوپیان میں شام کے وقت ضلع یوتھ صدر بھاجپا گوہر احمد بٹ ولد محمد ایوب بٹ کی لاش بر آمد کی۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گوہر ایوب کی لاش پر گولی کا کوئی زخم نہیں تھا البتہ اسکے گلے پر گہرا زخم تھا اور غالباً اسے گلا کاٹ کر ہلاک کردیا گیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ وہ ہلاکت کے اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔اس دوران سانبورہ پانپور کی نارستان بستی کا فورسز نے شام سے قبل محاصرہ کیا جس کے دوران وہاں موجود جنگجوﺅں اور فورسز میں شدید لڑائی شروع ہوئی اور جنگجوﺅں نے محاصرہ سے باہر آنے کی کوشش کی۔ لیکن فورسز نے بستی کے ارد گرد گھیرا تنگ کیا تھا جس کی وجہ سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ دو جنگجو محصور ہیں۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں بستی میں 3جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد آپریشن کیا گیا۔رات نو بجے تک فائرنگ کا رک رک تبادلہ ہورہا تھا اور فورسز نے جنگجوﺅں کے فرار کے راستے بند کر کے روشنی کا انتظام کیا تاکہ آپریشن کے دوران خود کو محفوظ رکھا جائے۔مارے گئے جنگجو کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔جھڑپ کے دوران 50آر آر کا ایک اہلکار جو زخمی ہوا تھا، بادامی باغ ہسپتال میں چل بسا۔دریں اثناءپولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کے پی روڑ اننت ناگ پر واقع لاز بل میں جنگجوو¿ں نے سی آر پی ایف 96 بٹالین کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوو¿ں کی اس فائرنگ میں سی آر پی ایف کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’سی آر پی ایف کے دو اہلکار گولی لگنے جبکہ باقی دیگر ٹوٹے ہوئے شیشے لگنے سے زخمی ہوگئے‘۔ انہوں نے بتایا ’جنگجوو¿ں کی طرف سے یہ حملہ اس وقت انجام دیاگیا جب علاقہ میں کوئی روڑ اوپنگ پارٹی موجود نہیں تھی‘۔ حالانکہ حملے میں ملوث جنگجوو¿ں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقہ میں فوری طور پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا، تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔حملے کا نشانہ بننے والی سی آر پی ایف گاڑی کھنہ بل (اننت ناگ) سے مٹن پہلگام جارہی تھی‘۔ دریں اثنا جنگجو تنظیم لشکر طیبہ نے سی آر پی ایف کی گاڑی پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ادھرکپوارہ میں جمعرات کی صبح ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے متصل کپوارہ برج کے قریب ایک گرینیڈ پایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کپوارہ اور اس سے ملحقہ دفاتر میں جمعرات کی صبح اس وقت افراتفری پھیل گئی جب وہاں سڑک کے کنارے ایک گرینیڈ پایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ریاستی پولیس کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ بعدازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کیا گیا جنہوں نے گرینیڈ کو ناکارہ بنادیا۔