فوج اور پولیس سمیت متعلق متعدد اداروں کی شرکت،کئی عملی مشقیں انجام دی گئیں
عظمیٰ نیوزسروس
جموں // سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل سیکورٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید موثر بنانے کیلئے جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ میں مختلف سیکورٹی اور امدادی اداروں کی جانب سے ایک جامع فرضی مشق (موک ڈرل) کا انعقاد کیا گیا۔جموں میں امرناتھ یاترا سے قبل بھگوتی نگر بیس کیمپ میں کثیر ایجنسی فرضی مشق کے علاوہ سیکورٹی اور ہنگامی تیاریوں کا جائز ہ لیا گیا ۔ اس مشق میں قومی سلامتی اور عوامی تحفظ سے متعلق متعدد اداروں نے حصہ لیا اور مختلف فرضی ہنگامی صورتحال کا کامیاب مظاہرہ کیا۔واضح رہے کہ 57روزہ سالانہ امرناتھ یاترا رواں سال 3 جولائی سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ یاتریوں کا پہلا قافلہ یکم جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کشمیر کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ فرضی مشق میں نیشنل سیکورٹی گارڈ ،جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ مختلف ٹیموں نے ملی ٹینٹ حملے، مشتبہ اشیاءکی موجودگی، ہجوم پر قابو پانے، زخمیوں کے انخلا اور قدرتی آفات جیسی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی عملی مشقیں انجام دیں۔حکام کے مطابق موک ڈرل کا بنیادی مقصد مختلف ایجنسیوں کے درمیان باہمی رابطہ، فوری ردعمل کی صلاحیت اور ہنگامی حالات میں مشترکہ کارروائی کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔ اس دوران جدید نگرانی کے آلات، خصوصاً ڈرونز کا استعمال کیا گیا تاکہ حساس مقامات کی فضائی نگرانی اور مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ڈاگ سکواڈز نے پورے کیمپ اور اطراف کے علاقوں میں اینٹی سبوتاڑ اور سینیٹائزیشن چیک انجام دیے۔حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ فرضی مشق کامیاب رہی اور اس سے مختلف اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے دوران زائرین کی حفاظت، ٹریفک نظم و نسق، ہجوم کے موثر انتظام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ایجنسیاں مکمل طور پر مستعد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یاترا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی مختلف سطحوں پر جائزہ اجلاس اور عملی مشقیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ چیلنج کا بروقت اور موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔