عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی جاوید احمد ڈار نے کل پولٹری پروجیکٹ ہاری پربت میں لیئر ہاؤس دوم کا سنگِ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق بھی تھے۔وزیر نے دورے کے دوران پولٹری سیکٹر کی مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا اور کارکردگی و پیداواری صلاحیت میں بہتری پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ پولٹری سیکٹر کو خود کفیل بنانے اور اسے جموں و کشمیر کی معیشت کا اہم محرک بنانے کے لئے جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے۔نئی سہولیت کا قیام جموں و کشمیر کے پولٹری سیکٹر کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ آنے والا لیئر ہاؤس دوم تقریباً 1,900 پیرنٹ سٹاک پرندوں کی پرورش اور سالانہ 1.70 لاکھ ہیچنگ انڈوں کی پیداوار کی صلاحیت رکھے گاجس سے خطے بھر کے کسانوں اور فیلڈ یونٹوں کے لئے اعلیٰ معیار کے پرت کے چوزوں کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ توسیع مقامی طلب کو پورا کرنے اور دیرپا پولٹری پیداوار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔