نئی دہلی// مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کل کہا کہ حکومت سال 2029-30 تک خوردنی تیل کی درآمد کو 40 فیصد کم کرنا چاہتی ہے ۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر تومر نے بتایا کہ حکومت سال 2025-26 تک قابل قدر مقدار میں خوردنی تیل کی درآمد کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے قومی خوردنی تیل مشن – پام آئل کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے ۔ اس مشن پر 11040 کروڑ خرچ ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 28 لاکھ ہیکٹر اراضی میں پام کی کاشت کی جا سکتی ہے ۔ شمال مشرقی علاقے میں نو لاکھ ہیکٹر رقبہ پام کی کاشت کے لیے موزوں ہے ۔ پام آئل ملک میں درآمد ہونے والے خوردنی تیل کا 56 فیصد ہے ۔ سالانہ 1.25 کروڑ ٹن سے زائد خوردنی تیل ملک میں درآمد کیا جاتا ہے ۔ تومر نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات سے ملک کے چھوٹے کسانوں کی اکثریت کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔