جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کار خانہ اور تجارتی اداروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی متمنی ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر سرکارکاروبار اور کار خانوں کو مراعات فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ ساتویں انڈسٹریل ایڈوائزری کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے کار خانہ داروں کا حوصلہ بڑھانے اور ان میں اعتماد بحال کرنے کے لئے کئی اہم اصلاحاتی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پہلی ریاست ہے جس نے جی ایس ٹی کے تحت کئی طرح کے مراعات کاروباری لوگوں کو فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کامگاروں کے قوانین میں بڑے پیمانے پر بہتری لانے کے اقدامات کئے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ایک کمیٹی کو تشکیل دینے کی ہدایت دی جو چیف سیکرٹری کی سربراہی میں صنعتی یونٹوں سے متعلق کرایہ کی ادائیگی کے کیسوں کی پیروی کریگی۔انہوںنے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچائیں۔میٹنگ کے دوران وزیرا علیٰ کو حکومت کی طرف سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی لانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ صنعتی ایسٹیٹس کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے ، کیبل بچھانے اور ٹرانسفارمر نصب کرنے کا عمل جاری ہے ۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے محکمہ انڈسٹریز کی طرف سے تیار کردہ کافی ٹیبل بُک ’’ صنعت و حرفت‘‘ کا تازہ شمارہ جاری کیا ۔