ڈورو//زملگام ڈورو میں مضر صحت پانی پینے سے35 افراد دست و قے کی بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں،جن کو علاج معالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی سخت قلت ہے جس کی وجہ سے محکمہ پی ایچ ای ٹینکرکے زریعے پانی فراہم کرتا ہے ۔پیر کے روز لوگوں نے حسب معمول ٹینکر سے پانی حاصل کیا اور افطار کے بعد جونہی پانی استعمال کیا گیا تو لوگوں کو دستہ وقے ہوا،جس کے نتیجے میں 35افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا۔یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب لوگ شب قدر کے سلسلے میں مساجد میں عبادت میں مشغول تھے ۔بی ایم او ویری ناگ ڈاکٹر روہی نے کہا کہ اس وقت بیمار ویری ناگ و ڈورو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ گائوں میں طبی عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای غلام نبی بٹ کا کہنا ہے کہ محکمہ صاف چشمے سے گائوں کو پانی فراہم کرتا ہے اور پانی سے بیماری پھیلنے کا اندیشہ نہیں ہے تاہم پانی کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔انہوں نے لوگوںسے احتیاط برتنے کی اپیل کی ۔