جموں//سرکار نے رورل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ سکیم کے تحت زراعت اور منسلک شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری فائنانس اور پینل کے چیئرمین نوین چودھری نے کشمیر اور جموں صوبوں کے لئے سکیم کے تحت فی کس 50بور ویل کھودنے کے لئے منصوبہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے سکیم کے تحت زراعت اور منسلک شعبوں کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے نبارڈ کو انیمل ہسبنڈری اور منسلک شعبوں کی ایولویشن کرنے کیلئے کہا ہے تا کہ اس کے نتائج کا جائزہ لیا جاسکے اور مستقبل کے لئے منصوبے تشکیل دئیے جاسکے ۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول فاروق احمد شاہ ، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد ، کمشنر سیکرٹری زراعت منظور احمد لون اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔دیہی علاقوںمیں پیداواریت میں اضافہ کے لئے پرنسپل سیکرٹری نے باغبانی شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کو فرو غ دینے سمیت کنڈی علاقوں میں بانس کی شجرکاری کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے دونوں صوبوں میں کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے تربیتی مراکز کے قیام کے منصوبے کی سراہنا کی۔شہری علاقوںمیں باغبانی سے متعلق سکیم کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے اسے دیگر علاقوں میں بھی وسعت دینے پر بھی زور دیا۔اس سے قبل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سکیم کے تحت جاری 221 پروجیکٹوں کے علاوہ نئے منصوبوں کا بھی جائزہ لیاگیا۔