بارہمولہ //محکمہ باغبانی کے انفورسمنٹ شعبے نے شمالی کشمیرمیں لاکھوں روپے مالیت کی زائدالمعیادجراثیم کُش ادویات ضبط کرکے ایک دکان کو سربمہر کرکے اس کیخلاف کیس درج کیا۔اطلاعات کے مطابق محکمہ باغبانی کے انفورسمنٹ شعبے کوکئی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ شمالی کشمیرکے کئی علاقوں میں سیب باغات میں چھڑکائوکیلئے نقلی ادویات بیچنے میں کئی دوافروش سرگرم ہیں۔مالکان باغات کے مطابق اِن ادویات سے سیبوں کے درختوں میں اسکیب،سنجواسکیل،ریڈمائٹ وغیرہ بیماریاں ختم ہونے کے بجائے اورزیادہ بڑھ جاتی ہیں،جبکہ ابتداء میںچھڑکی گئی دوائی سے میوہ درختوں کے پتے خراب ہوکر گرنے لگے،جس کی وجہ سے مالکان باغات کوسال بھر کی محنت ضائع ہونے کاخدشہ لاحق ہوا۔انہوں نے محکمہ کی انفورسمنٹ ونگ سے شکایت کی جس کے بعدانفورسمنٹ انسپکٹربارہ مولہ فردوس احمدلاوے نے انفورسمنٹ افسرسیدجیلانی کی قیادت میں چھاپہ مارااورگوشہ بگ پٹن میں ایک پیسٹسائید ڈیلر سے لاکھوں روپے مالیت کی زائدالمعیادکیڑے ماردوائی برآمد کرکے ضبط کی.۔ اس سے قبل ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں میں پیسٹسائیڈس دکانوں کا معائنہ کیا۔عہدیدار نے بتایا کہاس دوران بھاری مقدار میں ادویات قبضے میں لئے گئے اور لیبارٹری میں ٹیسٹ کے بعد اُنہیں غیر معیاری پایا گیااور اُن سب کی میعاد ختم ہوگئی تھی۔چھاپہ مار ٹیم میں شامل ایک آفیسر نے بتایا کہ ضبط کی گئی لاکھوں روپے کی زایدالمعیاد ادویا ت کو محکمہ نے اپنی تحویل میں لیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیڑے مار دوائیوں کی دکانوں کی چیکنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ نہ ایسے جعلساز ڈیلروں کوسزا دی جائے گی تاکہ مالکان باغات کو کوئی نقصان نہ ہو۔