باسٹیر//ویسٹ انڈیز کے خلاف سینٹ کٹس میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کے دوران ہندوستانی کپتان روہت شرما کمر میں تکلیف کی وجہ سے 11 کے اسکور پر ریٹائرہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ 165 کا تعاقب کرتے ہوئے روہت نے الزاری جوزف کے خلاف چالوں کا استعمال کرتے ہوئے باؤنڈری مارنے کے بعد دوسرے اوور میں درد محسوس کیا۔ فیلڈ پر فزیو کملیش جین کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد وہ پیٹھ پکڑ کر میدان سے باہر چلے گئے ۔روہت نے امید ظاہر کی کہ وہ ہفتہ کو فلوریڈا میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹی۔ٹوئنٹی میچ کے لیے تیار ہوں گے ۔ اسی گراؤنڈ پر اتوار کو پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرنے کے بعد روہت نے کہاکہ ‘‘(میرا جسم) اس وقت بالکل ٹھیک محسوس کر رہا ہے ۔ ہمارے پاس اگلے میچ سے پہلے کچھ دنوں کا وقت ہے تو اگر ایسا ہے تو میں شاید ٹھیک ہو جاؤں گا۔” روہت سے پہلے ہندوستان کو آل راؤنڈر ہرشل پٹیل کی صورت میں ایک اور جھٹکا لگا جب وہ پسلی کی چوٹ کی وجہ سے دوسرے اور تیسرے ٹی۔ٹوئنٹی سے باہر ہو گئے ۔ منگل کو ہندوستان نے رویندر جڈیجہ کو آرام دیتے ہوئے دیپک ہڈا کو کھیلنے کا موقع دیا جنہوں نے گھٹنے کی انجری سے کامیاب واپسی کی۔ کپتان روہت کو ویسٹ انڈیز کے دورے پر ون ڈے سیریز سے آرام دیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے جولائی میں ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے تھے ۔