بانہال // بانہال بارہمولہ ریل سروس مجموعی طور تین روز تک متاثر رہنے کے بعد آج معمول کی طرح بحال کی گئی ہے اور ہزاروں لوگوں نے آج شام تک ریل کے زریعے بانہال اور بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان سفر کرکے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا۔ پیر کے روز سوپور میں ایک مسلح چھڑپ کے بعد ریل سروس کو دوپہر ایک بجے سے شام چھ بجے تک معطل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں مسافر بانہال سمیت وادی کے کئی ریلوے سٹیشنوں پر درماندہ ہوئے تھے اور ریل گاڑیوں کی تعداد کم ہوجانے کی وجہ سے مسافروں کا رش بڑھ گیا تھا۔ بانہال ریلوے پر تعینات سٹیشن ماسٹر عبدالبصیربالی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٓاج منگل کو معمول کی طرح ریل سروس بحال کی گئی ہے اور شام پانچ بجے تک ریل ٹریفک بلا خلل معمول کے مطابق چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز بہت سارے مسافر ریلوے سٹیشن بانہال پر درماندہ ہوئے تھے اور کئی گھنٹوں تک ریل ٹریفک معطل رہنے کے بعد پیر کی شام بعد ریلوے حکام نے بانہال میں جمع سینکڑوں مسافروں کو کلئیر کرنے کیلئے تین ریل سروسز کو چلایا تاکہ مسافروں کو رات بانہال ہی میں رات گذار کر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔