سرینگر // وادی کشمیر میں دو دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات اتوار کی صبح بحال کردی گئیں۔ وادی میں ریل خدمات جمعہ کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک 25 سالہ نوجوان نصیر احمد شیخ اور جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آرونی میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مسلح جھڑپ کے مقام پر شہری ہلاکتوں کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل کردی گئی تھیں۔ دریں اثنا وادی میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی تیز رفتار والی انٹرنیٹ خدمات اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں۔ وادی میں تیز رفتار والی فور جی اور تھری جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل رکھی گئی ہیں ۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی براڈ بینڈ اور دیگر نجی کمپنیوں کی وائر انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔