کیف/ گیرتھ بیل کے دو شاندار گولوں کی مدد سے ریال میڈرڈ نے لیورپول کو یوئیفا چمپئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنیچر کی رات 3۔1 سے شکست دے کر چمپئنز لیگ میں خطابی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں ریال کا یہ 13 واں ٹائٹل ہے ۔ریال میڈرڈ نے اس سے پہلے 2016 میں ایٹلیٹکو میڈرڈ اور 2017 میں یووئنٹس کو شکست دے کر فائنل جیتا تھا۔اس بار اس نے لیورپول کو شکست دی۔لیور پول کو میچ کے دوران اس وقت دھچکا لگا جب پہلے ہاف میں ہی اسٹار فٹبالر محمد صالح زخمی ہونے کے بعد میدان بدر ہوئے ۔محمد صالح کے زخمی ہونے پر لیور پول کے حامی تماشائی جذباتی ہوگئے اور کئی آبدیدہ بھی دکھائی دیے ۔ریال میڈرڈ اور لیورپول کے ٹیمیں 37 سال بعد فائنل میں آمنے سامنے تھیں۔ آخری بار 1981 میں دونوں کے درمیان فائنل ہوا تھا جس میں لیورپول 1۔0 سے جیتی تھی۔یوکرین کے شہر کیف کے نیشنل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے چمپئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ مجموعی طور پر 13ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی جب کہ مخالف ٹیم لیور پول آخری مرتبہ 2005 میں ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ریال میڈرڈ کی جانب سے گیراتھ بیل نے 2 گول کیے ۔کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن دوسرے ہاف کے 50ویں منٹ میں ریال میڈرڈ کی جانب سے کریم بیننزیمانے گول کیا جس کے 4 منٹ بعد ہی لیور پول کے سادیوما نے نے کھیل کے 54ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔ریال میڈرڈ کی جانب سے گیراتھ بیل نے کھیل کے 63ویں اور 82ویں منٹ میں یکے بعددیگرے 2 گول کر کے لیور پول کی شکست کو یقینی بنایا۔مقررہ وقت کے ختم ہونے تک ریال میڈرڈ کی لیور پول پر 1۔3 کی برتری برقرار رہی، ریال میڈرڈ کے جیتنے پر ٹیم کے سپورٹرز نے میدان میں ہی جشن منایا اور مخالف ٹیم کے حامی مایوس دکھائی دیے ۔ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان کا 61 ویں منٹ میں اسکو کی جگہ گیرتھ بیل کو میدان پر اتارنے کا فیصلہ لاٹری ثابت ہوا۔